بجا یکتا ہے دل پر نقش اتر کر قد دلبر کا
بجا یکتا ہے دل پر نقش اتر کر قد دلبر کا
قلم ہے دست قدرت میں الف اللہ اکبر کا
اساسِ فضل بے پایاں بنائے امن بے غایت
ستونِ قصر جنت ہے الف اللہ اکبر کا
بہارِ بے خزاں حسن فضائے عرصۂ جنت
ہے سرو گلشنِ اسلام الف اللہ اکبر کا
فنائے ذات حق نام خدا منصور وحدت ہے
کھنچا ہے درا کی صورت الف اللہ اکبر کا
گزر کر گوش باطل سے حریم دل ہے جا اس کی
سنان روح فرسا ہے الف اللہ اکبر کا
نشانِ منزل اول سراغ مقصد آخر
ہے سنگ شاہراہِ عشق الف اللہ اکبرکا
حصول کنز مخفی، فتح بابِ کشور معنی
کلید قفل عرفاں ہے الف اللہ اکبر کا
قیامت ہی قیامت ہے سراپا حشر منظر ہے
شبیہ قد جاناں ہے الف اللہ اکبر کا
عجب کیا زخم دل سے بوئے وحدت اے قتیلؔ آئے
کہ پیکاں بن کے ہے پیوست الف اللہ اکبر کا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.