Font by Mehr Nastaliq Web

تخلیق کار خود ہے طلب گارِ مصطفیٰ

ریاض حسین چودھری

تخلیق کار خود ہے طلب گارِ مصطفیٰ

ریاض حسین چودھری

MORE BYریاض حسین چودھری

    تخلیق کار خود ہے طلب گارِ مصطفیٰ

    جن و بشر تمام خریدارِ مصطفیٰ

    یا رب! کبھی بھی گرمیٔ بازار ہو نہ کم

    آباد حشر تک رہے بازارِ مصطفیٰ

    حرفِ غلط ہے فلسفۂ مکتبِ جدید

    روشن چراغِ شام ہیں اقدارِ مصطفیٰ

    پہنچا نہ ان کی گرد کو نور و بشر کوئی

    ہر کہکشاں ہے شاہدِ رفتارِ مصطفیٰ

    ہے ماورائے رنگ و زباں آپ کا خطاب

    روشن ہے شامِ کرب میں مینارِ مصطفیٰ

    ہیں ان کے در پہ کاسہ بکف مہر و ماہتاب

    اک روشنی ازل سے ہے کردارِ مصطفیٰ

    ہر چیز سائبانِ کرم میں ہے شادماں

    ہر چیز پہ ہے سایۂ دیوارِ مصطفیٰ

    اتری جو آسمان سے اُس کا نہیں جواب

    نورِ خدا ہے خلعت و دستارِ مصطفیٰ

    میں جاگتا ہوں خواب کے عالم میں یاخدا

    دیدارِ مصطفیٰ کبھی دیدارِ مصطفیٰ

    طرزِ عمل حضور کا جمہوریت کی روح

    بنیادِ علمِ خیر ہیں افکارِ مصطفیٰ

    داعی ہیں آپ عدل کے اعلیٰ نظام کے

    خوشبو! تو چوم لے لبِ اظہارِ مصطفیٰ

    جچتا نہیں نظر میں کسی بادشہ کا تاج

    کیا خوب کیا حسین ہے دستارِ مصطفیٰ

    یہ تیرگی ہمارے ہے ذہنوں کی اختراع

    ہر چیز پر محیط ہیں انوارِ مصطفیٰ

    ارض و سما کی وسعیتں اس میں ہیں جلوہ گر

    روشن ضمیر دیدۂ بیدارِ مصطفیٰ

    خوشبو رہے گی رقص کے عالم میں تا ابد

    دلکش ہے، دلنواز ہے گلزارِ مصطفیٰ

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے