لب پر نعتِ پاک کا نغمہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے
لب پر نعتِ پاک کا نغمہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے
سید صبیح الدین رحمانی
MORE BYسید صبیح الدین رحمانی
لب پر نعتِ پاک کا نغمہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے
میرے نبی سے میرا رشتہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے
پست وہ کیسے ہو سکتا ہے جس کو حق نے بلند کیا
دونوں جہاں میں ان کا چرچا کل بھی تھا اور آج بھی ہے
اور کسی جانب کیوں جائیں اور کسی کو کیوں دیکھیں
اپنا سب کچھ گنبدِ خضریٰ کل بھی تھا اور آج بھی ہے
فکر نہیں ہے ہم کو کچھ بھی دکھ کی دھوپ کڑی تو کیا
ہم پر ان کے فضل کا سایہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے
ان کے کرم کی خوشبو سے ہے کیسا مری قسمت کا گلاب
شاخِ چمن پر مہکا مہکا کل بھی تھا اور آج بھی ہے
طے کرتے ہیں نام سے ان کے دشتِ حیات کی ہر منزل
راہِ زیست میں ان کا سہارا کل بھی تھا اور آج بھی ہے
بتلا دو گستاخِ نبی کو غیرتِ مسلم زندہ ہے
ان پر مر مٹنے کا جذبہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے
جس کے فیض سے بنجر سینوں نے شادابی پائی ہے
مؤج میں وہ رحمت کا دریا کل بھی تھا اور آج بھی ہے
زادِ سفر کی فکر میں گم تھا عشق نے مجھ کو بتلا یا
دل سے مدینے کا اک رستہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے
جن آنکھوں سے طیبہ دیکھا وہ آنکھیں بے تاب ہیں پھر
ان آنکھوں میں ایک تقاضا کل بھی تھا اور آج بھی ہے
ان کے در سے سب ہو آئے جا نہ سکا تو ایک صبیحؔ
یہ کہ اک تصویرِ تمنا کل بھی تھا اور آج بھی ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.