محرم راز نہاں ذات نبی
محرم راز نہاں ذات نبی
سر حق کی ترجماں ذات نبی
ابر رحمت اہل عالم کے لیے
رہنمائے قدسیاں ذات نبی
شفقت و مہر و خلوص و انس کا
ایک بحر بیکراں ذات نبی
اہلِ حق کے واسطے تیغ و سپر
بے زبانوں کی زباں ذات نبی
منبع جود و سخا ذات نبی
بے کسوں کا آسرا ذات نبی
باعث صد ناز دنیا کے لیے
افتخار کبریا ذات نبی
ہادی نوع بشر ذات نبی
راحتِ قلب و نظر ذات نبی
ایک امی کا لبادہ ہے تو کیا
مخزنِ علم و ہنر ذات نبی
پیکرِ تنویر حق ذات نبی
مظہر تکبیر حق ذات نبی
امی کے مطلق حریفوں کے لیے
واقف تحریر حق ذات نبی
محرم اسرار حق ذات نبی
مرکز پرکار حق ذات نبی
اس کی عظمت کیا بتاؤں میں تمہیں
لائق دیدار حق ذات نبی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.