نظر میں ہے درِ خیرالوریٰ بحمداللہ
نظر میں ہے درِ خیرالوریٰ بحمداللہ
قبول ہوگئی میری دعا بحمداللہ
چلی ہے ان کے کرم کی ہوا بحمد اللہ
ہر ایک سانس ہے محوِ ثنا بحمد اللہ
درِ حضور پر جب بھی دعا کو لب کھولے
ملا ہے مجھ کو طلب سے سوا بحمداللہ
یہی ہے میرا اثاثہ یہی مری پونجی
نبی کی نعت ہے سب کچھ مرا بحمد اللہ
بسی ہوئی ہے وہاں آج بھی مہک ان کی
میں دیکھ آیا ہوں غارِ حرا بحمد اللہ
ہم اہلِ نعت کا شام وسحر یہی معمول
کبھی ثنا کبھی حمدِ خدا بحمد اللہ
نبی کی نعت کا موسم ہےشاخِ ہستی پر
گلِ خیال ہے مہکا ہوا بحمد اللہ
میں اس کرم کے تصدق میں اس عطا پہ نثار
میرا نصیب ہے مدح و ثنا بحمد اللہ
فضائے فکر کو رکھتا ہے مشک بو سرورؔ
خیال نعت ہے مثل صبا بحمد اللہ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.