دونوں جہاں کے تاجدار صل علیٰ محمد
دونوں جہاں کے تاجدار صل علیٰ محمد
عکسِ جمالِ کردگار صل علیٰ محمد
آپ ہیں جان عاشقاں آپ شفیع بے کساں
آپ کا حسن جلوہ بار صل علیٰ محمد
آپ ہیں فخرِ مرسلاں آپ سکونِ قلب و جاں
آپ سے دل کو ہے قرار صل علیٰ محمد
آپ سحابِ نور ہیں آپ چراغِ طور ہیں
آپ پہ دو جہاں نثار صل علیٰ محمد
روئے صبیح آپ کا صبح تجلیٔ ازل
آپ سے ہے خدا کو پیار صل علیٰ محمد
پر توِ حسنِ کبریا ماہِ تمام ہر نظر
آپ کا روئے تاب دار صل علیٰ محمد
کتنا بڑا ہے وہ سخی بخشا ہے جس نے آپ کو
لطف کا بحرِ بے کنار صل علیٰ محمد
چشمِ کرم کا واسطہ کیجیے اپنا غم عطا
میں ہوں رہینِ انتظار صل علیٰ محمد
جانِ حزیں ہے بے قرار دل پہ نہیں ہے اختیار
کہتا ہوں رو کے بار بار صل علی محمد
میں ہوں فقیرِ دل فگار آپ ہیں میرے غم گسار
دونوں جہاں کے شہر یار صل علی محمد
- کتاب : معطر معطر (Pg. 10)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.