تاجدارِ مہ و شاں محبوبِ داور آپ ہیں
تاجدارِ مہ و شاں محبوبِ داور آپ ہیں
رشکِ نازش دلبراں اے بندہ پرور آپ ہیں
اے جہانِ دلبری اے مستیٔ موجِ کرم
انبساطِ عاشقاں، اللہ اکبر آپ ہیں
اے سراپا حسنِ خالق، اے حبیبِ دل نواز
اے عروجِ رازِ ہستی، سب سے خوشتر آپ ہیں
آپ ہی کی تابشیں، پرتو فگن ہیں ہر جگہ
کعبۂ دل میں کبھی عرشِ خدا پر آپ ہیں
مصحفِ رخ کی تجلی عاشقوں کی عید ہے
مہ جبینانِ جہاں میں سب سے بہتر آپ ہیں
رہبرِ راہِ حقیقت، وارثِ کون و مکاں
جانِ عالم، دستگیرِ روزِ محشر آپ ہیں
اک گدا کو اس سے کیا، کیا ہے مقدر میں لکھا
آپ کا منگتا ہوں میں میرا مقدر آپ ہیں
گردشِ دوراں کی الجھن ہے نہ اب محشر کا غم
مطمئن ہوں شاہِ والا، میرے سر پر آپ ہیں
ناز قسمت پہ نہ کیوں ہو آپ کے ستارؔ کو
میرے آقا میرے وارث میرے سرور آپ ہیں
- کتاب : معطر معطر (Pg. 71)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.