Font by Mehr Nastaliq Web

یارب مجھے عطا ہو محبّت حضورؐ کی

شاکر القادری

یارب مجھے عطا ہو محبّت حضورؐ کی

شاکر القادری

MORE BYشاکر القادری

    یا رب مجھے عطا ہو محبت حضور کی

    بس جائے میرے دل میں عقیدت حضور کی

    جاگوں اگر جمالِ نبی ہو نگاہ میں

    سوؤں تو ہو نصیب زیارت حضور کی

    ابھرا ہے پھر جبیں پہ عرق انفعال کا

    پھر مائلِ کرم ہے عنایت حضور کی

    اسریٰ بعبدہٖ کا شرف اور ہے کسے

    عرشِ خدا ہے مسندِ رفعت حضور کی

    روزِ ازل سے تابہ ابد قرن قرن ہے

    از فرش تابہ عرش حکومت حضور کی

    خورشید و ماہ تیرہ جبیں ہوں اگر نہ ہو

    اس کائناتِ نور میں طلعت حضور کی

    لذت شناس جس سے مشامِ جہاں ہوا

    وہ بوئے دل نواز ہے نکہت حضور کی

    جس سے ہمارے ذوق کو تابندگی ملی

    وہ حسنِ بے مثال ہے صورت حضور کی

    نعتِ رسولِ پاک ہے لفظوں کی آبرو

    زیبائشِ کلام ہے مدحت حضور کی

    رحمت ہیں آپ سارے جہانوں کے واسطے

    یکساں ہے جن و انس پہ نعمت حضور کی

    احسان عدل رحم کرم در گزر عطا

    ہر ایک بے مثال ہے عادت حضور کی

    صدیق کو صداقتِ شاہِ امم ملی

    فاروق کو ملی ہے عدالت حضور کی

    عثمانِ باحیا کو سخاوت ہوئی عطا

    مولیٰ علی کو جرأت و ہمت حضور کی

    وحشت شناس بھی ہوئے تہذیب آشنا

    اخلاقِ بے کراں ہے شریعت حضور کی

    کھانے کو نانِ جَو ہے تو سونے کو بوریا

    اللہ رے یہ طرزِ معیشت حضور کی

    لرزاں ہیں جس سے قیصر و کسریٰ کے تخت و تاج

    سطوت حضور کی ہے یہ صولت حضور کی

    پتھر شکم پہ نعرۂ تکبیر لب پہ ہے

    دیکھو تو استقامت و ہمت حضور کی

    دل پر مرے اترتے نہ مضمون نعت کے

    ہوتی اگر نہ چشمِ عنایت حضور کی

    شاکرؔ گناہ گار اگر ہوں تو کیا ہوا

    حصہ ہے عاصیوں کا شفاعت حضور کی

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے