نبیوں سے رسولوں سے تری شان الگ ہے
نبیوں سے رسولوں سے تری شان الگ ہے
بے شک تری شاں سرورِ ذیشان الگ ہے
ہیں تینوں کتابیں بھی مقدس مگر ان میں
آقا پہ جو اترا ہے وہ قرآن الگ ہے
میثم ہے کوئی بو ذر و قمبر ہے کوئی پر
مولیٰ کے صحابہ میں تو سلمان الگ ہے
ہیں یوں تو کئی رحمتِ عالم کے ثنا خواں
پر سب میں جدا لہجۂ حسان الگ ہے
ہیں کس کے گلِ تر ترے گلزار کے جیسے
زہرا ترے آنگن کا گلستان الگ ہے
حیدر ہوں کہ جعفر ہوں یا عباسِ جری ہوں
تیور ترے ہر بچوں کا عمران الگ ہے
ہر اک ولی اپنی جگہ بے مثل ہے لیکن
ولیوں میں مرا سیدِ جیلان الگ ہے
ہاں نائبِ احمد ہے وہ ولیوں کا ولی ہے
عثمان کی جاں ہند کا سلطان الگ ہے
دنیائے ولایت میں کبھی دیکھو ذرا تم
اندازِ شہِ فضل الرحمان الگ ہے
بکوا کی زمیں پر کبھی چل کر کے تو دیکھو
مسلم کا جدا سب ہی سے فیضان الگ ہے
موت آئے تو آئے درِ مسلمؔ پیا پر ہی
ہاں ہاں حسنؔ اپنا تو یہ ارمان الگ ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.