ہر آن ملی سب کو دوا میرے نبی سے
ہر آن ملی سب کو دوا میرے نبی سے
ہر ایک نے پائی ہے شفا میرے نبی سے
اک حشر کے دن ہو گی ملاقات گھڑی بھر
جب ہو گی شفاعت کی عطا میرے نبی سے
خوش رنگ جو بلبل بھی چہکتے ہیں گلوں پر
ان سب کے چہکنے کی ادا میرے نبی سے
وہ شخص مقدر کا دھنی ہوتا ہے پل پل
ملتی ہے سدا جس کو دعا میرے نبی سے
بارش بھی برستی ہے وسیلے سے نبی کے
بادل کے گرجنے کی صدا میرے نبی سے
مہکے ہوئے منظر جو ملے سارے جہاں کو
پاتے ہیں وہ سب حسنِ ادا میرے نبی سے
روحوں سے کہا ہو گا خدا نے یہ فلک پر
دنیا میں سدا کرنا وفا میرے نبی سے
دنیا بھی ملی اس کو تو عقبیٰ بھی ملے گی
کر لے جو زمانے میں وفا میرے نبی سے
قائمؔ جو مدینے سے یہ آتی ہے صبا بھی
گلرنگ یہ کرتی ہے فضا میرے نبی سے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.