قادر ہے وہ قدیر ہے پروردگار ہے
قادر ہے وہ قدیر ہے پروردگار ہے
ہر اک جہان اس کے ہی زیرِ حصار ہے
سب کچھ ہمارا بے گماں وہ کردگار ہے
آباد اس کے فضل سے دل کا دیار ہے
ہر ایک چیز ربِ جہاں پر نثار ہے
مدحت کناں خدا کا ہر اک جاندار ہے
ہے بارگاہِ رب جہاں ایسی بارگاہ
سر خم کیے ہوئے جہاں ہر تاجدار ہے
ہر شے کو خلق کر دیا ربِ جہان نے
انسان رب کا سب سے بڑا شاہ کار ہے
مولیٰ نے اپنے جلوؤں سے اس کو سجادیا
صحنِ حرم میں رب نے اتاری بہار ہے
کعبے کا حسن دیکھیے اسود کی عظمتیں
اک بوسے کے لیے وہاں لمبی قطار ہے
کعبے کی پہلی حاضری بھولا نہیں ہوں میں
اس حاضری کا مجھ پہ ابھی تک خمار ہے
فردِ عمل میں نیکی نہیں کوئی ایک بھی
مولیٰ یہ بندہ تیرا بڑا شرم سار ہے
مولیٰ کرم بغیرِ حساب و کتاب ہو
طاہرؔ ہے بندہ تیرا مگر نابکار ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.