الٰہی تیرے بندوں سے محبت پیار ہے مجھ کو
الٰہی تیرے بندوں سے محبت پیار ہے مجھ کو
عداوت بغض و نفرت سے سدا انکار ہے مجھ کو
سفر جاری ہے سانسوں کا ترے ہی فضل سے یارب
تری یکتائی کا ہر آن ہی اقرار ہے مجھ کو
ترے آگے ہی اپنے ہاتھ پھیلاتا ہوں اے مولیٰ
فقط تیری مدد ہر اک نفس درکار ہے مجھ کو
مرے مولیٰ صداقت پر مجھے ثابت قدم رکھنا
بڑا مشکل یہاں سچائی کا اظہار ہے مجھ کو
ممات و زندگی برحق کہ روزِ حشر کا ہونا
کہ ظاہر اور باطن میں یہی اقرار ہے مجھ کو
تری حمد و ثنا کی روشنی ہی جاودانہ ہے
خوشی دنیا کی مثلِ صبح کم آثار ہے مجھ کو
ترا گھر اور دیکھوں روضۂ خیرالامم یا رب
ہر اک لمحہ یہی اک خواہشِ دیدار ہے مجھ کو
الٰہی شکر بھی تیرا ادا میں کر نہیں پایا
مرے معبود اس سچائی کا اقرار ہے مجھ کو
مجھے جینا سکھایا ہے فقط محبوبِ داور نے
سفر دنیا کا اے طاہرؔ کہاں آزار ہے مجھ کو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.