علاجِ ظلمتِ شب ان کی تشریف آوری لکھوں
علاجِ ظلمتِ شب ان کی تشریف آوری لکھوں
صداقت کا اجالا لکھوں حق کی روشنی لکھوں
ملے نوکِ مژہ کو خون دل سے گرنمی لکھوں
خدا توفیق دے تا زندگی نعت نبی لکھوں
قلم ہو جائے سر اپنا بلا سے یا نبی لکھوں
نثار ان پر ملے سو بار اگر یہ زندگی لکھوں
زہے اسم محمد زیبِ لوح و زینتِ کرسی
یہ جنت بھی تو صدقے میں انہیں کے ہے نبی لکھوں
اس امت پر کرم کو، واسطہ حسنین کا جامہ
ردائے عائشہ یا فاطمہ کی اوڑھنی لکھوں
درود ان پر سلام ان پر یہی ہے زندگی اپنی
اسے درد و وطیفہ مشغلہ، دلبستگی لکھوں
ثنائے خواجہ پہنچے خدمت اقدس میں حضرت کی
میں اردو میں لکھوں، عربی لکھوں یا فارسی لکھوں
ابو بکر و عمر عثمان و حیدر کا ملے صدقہ
ہوئی جاتی ہے چادر زندگی کی ملگجی لکھوں
شعاع مہر عالم تاب ہے ان کی نظر گویا
متاعِ زیست اپنی برگِ گل پر شبنمی لکھوں
مدینے میں مدینہ ہے صلٰوۃ ان پر سلام ان پر
کھلے ہر بابِ علم و آگہی جس دم علی لکھوں
رخ زیبا کا صدقہ باغِ جنت کا اک اک گل ہے
قدِ دلجو کا پرتوِ کیوں نہ ہر سرِ و سہی لکھوں
خدا نے مصطفیٰ کی شان میں جو کچھ ہے فرمایا
حضور قلب سے اے برقؔ میں ہر دم وہی لکھوں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.