بزمِ کونین کے سلطان رسولِ عربی
بزمِ کونین کے سلطان رسولِ عربی
تیری الفت میرا ایمان رسولِ عربی
تھی جہالت کے اندھیروں میں خدا کی مخلوق
تو نے بخشا اسے عرفان رسولِ عربی
تیرے الطاف کے صدقے، تیرے فیضان سے ہی
مردہ روحوں میں پڑی جان رسولِ عربی
تیرے احکام کے پابند رہے ہم جب تک
ہر گھڑی بڑھتی رہی شان رسولِ عربی
تیرے احکام سے اعراض کیا ہے جب سے
ہم جہاں میں ہیں پریشان رسولِ عربی
دشمنوں نے ہمیں ہر سمت سے آ گھیرا ہے
ہم پہ یلغار ہے ہر آن رسولِ عربی
کاش مل جائے ہمیں پھر سے خدا کی نصرت
پھر سلیں چاکِ گریبان رسولِ عربی
عرصۂ حشر میں دامانِ کرم ہو تیرا
للہ ہم پہ ہو احسان رسول عربی
للہ! اک نظرِ کرم زاہدؔ مہجور پہ بھی
اس کی بخشش کا ہو سامان رسولِ عربی
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.