اے بلبلِ باغ کنز خفی
اے بلبلِ باغ کنز خفی
سلطانِ رسل نبیوں کے نبی
اے فخرِ عرب نور قدمی
اے مہرِ عجم ماہ مدنی
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
تم شافع روز محشر ہو
تم ساقی حوض کوثر ہو
تم خلد بریں کے رہبر ہو
تم بحر کرم کے گوہر ہو
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
تم حامئ جرم امت ہو
گنجینۂ شفقت و رحمت ہو
پروردۂ ناز و نعمت ہو
تم نورِ خدا کی صورت ہو
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
تم صدر نشینِ قدرت ہو
تم عرش بریں کے زینت ہو
تم بانی ساری خلقت ہو
مقبول جنابِ حضرت ہو
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
تم صنعت حق کے مخزن ہو
تم حکمت رب کے معدن ہو
تم باد بہارِ گلشن ہو
تم کون و مکاں سے احسن ہو
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
تم واصل وجود و آدم ہو
تم باغ و بہار عالم ہو
تم بھید خدا کے محرم ہو
تم شان خدا کے ہم جم ہو
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
اے نور چراغ بزم دنی
اے محرم راز او ادنیٰ
ہے شوق بھرا دل میں اتنا
لکھوں میں در والا کی ثنا
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
تم جلوۂ نور الٰہی ہو
تم شانِ ظہور الٰہی ہو
مختارِ امور الٰہی ہو
فرمان حضور الٰہی ہو
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
جو نام پہ ہیں مولا مرتے
ہیں عشق کا دم جو جو بھرتے
جاتے ہیں جو واں گرتے پڑتے
ہر کام پہ ہیں رو رو کہتے
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
میں ڈھونڈو پھرے دو جگ سگری
نہ ملی اب تک تمری ڈگری
سبھی عمر بتی شاہا ہمری
ہے ہند میں بالکل بیقدری
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
اے خسرو عالم عقدہ کشا
اے سرور بطحیٰ نورِ خدا
کیفیؔ کی شہا ہے اتنی دعا
دیکھے وہ جمال ہوش ربا
بتلا دو مجھے اے سرو سہی
ہے کون طرف یثرب نگری
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.