محمد وقت مشکل یار امت
محمد وقت مشکل یار امت
محمد غم میں ہے غمخوار امت
بوقت نیم جانی سب کی جاں ہے
بحال بے دلی دلدار امت
محمد گر نہ کرتے دستگیری
اٹھاتا کون سر سے بار امت
صفا بخشے گئے سارے گنہگار
محمد جب ہوئے سالار امت
محمد ہے خبر گیرِ زمانہ
محمد ہے کفیلِ کار امت
محمد واقف راز جہاں ہے
محمد محرم اسرار امت
محمد چارۂ بے چارگاں ہے
محمد دافع آزار امت
محمد دادِ بخش اہل فریاد
محمد سامع اظہار امت
محمد باغبانِ باغ دنیا
محمد مالکِ گلزارِ امت
ہوئی بنیاد دیں دنیا میں محکم
محمد جب ہوئے معمار امت
خدا کو کر چکے جب پہلے تصدیق
محمد پر ہوا اقرار امت
محمد ابر رحمت بن کر آئیں
گل باغ ارم ہو خار امت
محمد کی محبت سے ہمیشہ
سراپا گرم ہے بازار امت
خدا کا حشر کو پائیں گے دیدار
یقیں ہے چشم گوہر بار امت
جلا دیتی ہے دم میں آگ بن کر
عدد کو آہ آتشبار امت
یہ سرورؔ خاک پائے آستاں ہے
کرو رحم اس پہ سردار امت
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.