Font by Mehr Nastaliq Web

اے دین حق کے رہبر تم پر سلام ہر دم

حسن رضا بریلوی

اے دین حق کے رہبر تم پر سلام ہر دم

حسن رضا بریلوی

MORE BYحسن رضا بریلوی

    اے دین حق کے رہبر تم پر سلام ہر دم

    میرے شفیعِ محشر تم پر سلام ہر دم

    اس بے کس و حزیں پر جو کچھ گزر رہی ہے

    ظاہر ہے سب وہ تم پر، تم پر سلام ہر دم

    دنیا و آخرت میں جب میں رہوں سلامت

    پیارے پڑھوں نہ کیوں کر تم پر سلام ہر دم

    دل تفتگانِ فرقت پیاسے ہیں مدتوں سے

    ہم کو بھی جامِ کوثر تم پر سلام ہر دم

    بندہ تمہارے در کا آفت میں مبتلا ہے

    رحم اے حبیب داور تم پر سلام ہر دم

    بے وارثوں کے وارث بے والیوں کے والی

    تسکین جانِ مضطر تم پر سلام ہر دم

    للہ اب ہماری فریاد کو پہنچیے

    بے حد ہے حال ابتر تم پر سلام ہر دم

    جلاد نفس بد سے دیجے مجھے رہائی

    اب ہے گلے پہ خنجر تم پر سلام ہر دم

    دریوزہ گر ہوں میں بھی ادنیٰ سا اس گلی کا

    لطف و کرم ہو مجھ پر تم پر سلام ہر دم

    کوئی نہیں ہے میرا میں کس سے داد چاہوں

    سلطانِ بندہ پرور تم پر سلام ہر دم

    غم کی گھٹائیں گھِر کر آئی ہیں ہر طرف سے

    اے مہر ذرہ پرور تم پر سلام ہر دم

    بلوا کے اپنے در پر اب مجھ کو دیجے عزت

    پھرتا ہوں خوار در در تم پر سلام ہر دم

    محتاج سے تمہارے کرتے ہیں سب کنارہ

    بس اک تمہیں ہو یاور تم پر سلام ہر دم

    بہر خدا بچاؤ ان خارہائے غم سے

    اک دل ہے لاکھ نشتر تم پر سلام ہر دم

    کوئی نہیں ہمارا ہم کس کے در پہ جائیں

    اے بیکسوں کے یاور تم پر سلام ہر دم

    کیا خوف مجھ کو پیارے نارِ جحیم سے ہو

    تم ہو شفیع محشر تم پر سلام ہر دم

    اپنے گدائے در کی لیجے خبر خدارا

    کیجے کرم حسنؔ پر تم پر سلام ہر دم

    مأخذ :
    • کتاب : ذوق نعت (Pg. 75)

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY
    بولیے