تمہارا ناز فرمانا برا ہے
تمہارا ناز فرمانا برا ہے
ہمارا ہوش میں آنا برا ہے
ترا ہر بات پر اے حیلہ پرور
مرے سر کی قسم کھانا برا ہے
تکلف سب سے کر اے جان محفل
مجھی سے تیرا شرمانا برا ہے
یہی کہہ دو کہ اب ملنا نہ ہوگا
یہ تڑپانا یہ ترسانا برا ہے
مری ہر دم کی بیتابی سے جل کر
وہ کہتے ہیں یہ دیوانا برا ہے
مرے دل سے ہے راضی غم تمہارا
نہ کہنا اب یہ کاشانہ برا ہے
یہی کہہ دے نہ اک دن اے ستم گر
تری حاجت کا برلانا برا ہے
وہاں بھی کیا نہیں اصنام پندار
تو کیوں مسجد سے بت خانہ برا ہے
ہرے ہو جائیں گے سب داغ دل کے
ترا حسرتؔ ادھر جانا برا ہے
- کتاب : کلیات حسرت موہانی (Pg. 407)
- Author : حسرت موہانی
- مطبع : مکتبہ اشاعت اردو، دہلی (1959)
- اشاعت : First
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.