مجھے اس جہانِ فریب میں کسی باوفا کی تلاش ہے
مجھے اس جہانِ فریب میں کسی باوفا کی تلاش ہے
جو ہو آئینہ مری زیست کا اسی آشنا کی تلاش ہے
وہی عشق ہے، وہی بے کلی، وہی درد و غم، وہی بے دلی
اے مرے مسیحِ دل و جگر، تری اک عطا کی تلاش ہے
میں ہوں بے خبر تری راہ سے، تری درس گاہِ نگاہ سے
جو سکون دل کو عطا کرے مجھے اس دوا کی تلاش ہے
نہ وہ دل رہا، نہ وہ درد ہے، نہ وہ چاہتوں کی کسک رہی
جو جھنجھوڑ دے مری روح کو اسی اک صدا کی تلاش ہے
نہ خلوص ہے، نہ خرام ہے، یہ زمانہ زر کا غلام ہے
جو نہ بک سکے جو نہ جھک سکے اسی رہنما کی تلاش ہے
نہ صنم کدے میں سکون ہے، نہ حرم میں ایسا قرار ہے
جہاں عشق ہو، جہاں لطف ہو مجھے اس جگہ کی تلاش ہے
مجھے کیا غرض کسی دیر سے، مجھے کیوں حرم کی ہو جستجو
جو چھپا ہے دل کے مکان میں مجھے اس خدا کی تلاش ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.