لہو بہتا ہے چشموں سے نہ اشک آنکھوں میں آتا ہے
ہوا ثابت مرا زخمِ جگر پانی چراتا ہے
عبث ایواں میں منعم شمع ِکافوری جلاتا ہے
تجھے کچھ گورِ تیرہ کا گڑھا بھی یاد آتا ہے
کہے اس سے کوئی خوابِ عدم سے کیوں جگاتا ہے
دم ِتلقیں جو غافل شانہ موتی کاہلاتا ہے
سخی ہے تو طلب کرتا ہے جو تجھ سے وہ پاتا ہے
درِدولت سے سائل کون سا محروم جاتا ہے
سبک کرتی ہے مردے کو گرانباری گناہوں کی
دبا جاتا ہے جو میرے جنازے کو اٹھاتا ہے
تصور میں جو سو جاؤں تو آکر خوابِ غفلت میں
خیالِ زلف ِشبگوں اژدہا بن کر ڈراتا ہے
نہ کہیے آستانہ سجدہ گاہِ سر کشاں کہیے
ترے درپر ہراک مغرور گردن کو جھکاتا ہے
خدا جانے جوانی میں کرے گا گرمیاں کیسی
ابھی وہ رشکِ مہ خورشید کا پہلو دباتا ہے
ہم اور وہ آپ کر لیتے ہیں باہم کام ساقی کا
ہم اس کو مے پلاتے ہیں وہ ہم کو مے پلاتا ہے
کدھر لے جائے گا کس دشت کے کانٹوں کو روندے گا
الٰہی خیر کرنا پھر مرا تلوا کھجاتا ہے
گئی تاب و تواں اب زور شور ِناتوانی ہے
زباں تک آہ آتی ہے نہ نالہ لب تک آتا ہے
اکیلا کیا نباہوں میں محبت اپنی جانب سے
مثل ہے کوئی بھی اک ہاتھ سے تالی بجاتا ہے
عداوت سے نہیں کم دوستی ابنائے عالم کی
جو میرے سر کو سہلاتا ہے بھیجا کھائے جاتا ہے
ہوئے جاتے ہیں لب ہائے جراحت بند بے ٹانکے
تو قاتل تیغ کو کس آبِ شیریں سے بجھاتا ہے
عدم آباد سے تانتا لگا ہے ملکِ ہستی تک
ادھر سے کوئی آتا ہے ادھر سے کوئی جاتا ہے
نہ ہو آغاز پر نازاں مآل ِکارکو دیکھو
یہ پتلا خاک کا کیوں آسماں سر پر اٹھاتا ہے
نظر کرتاہوں گاہے بام پر گہہ در کو تکتا ہوں
وہ رشکِ مہ زمین و آسماں مجھ کو جھکاتا ہے
اٹھالوں گا اسے اک روز سر پر طیش میں آکر
سمجھ کر ناتواں مجھ کو فلک ہردم دباتا ہے
ترا عاشق ہوں چشم ِقابل ِنظارہ رکھتا ہوں
میں دیکھوں گا تجھے تو لن ترانی کیا سناتا ہے
حباب ِبحر بن جاتا ہے ہر اک عطر کی شیشی
وہ میرا گل بدن دریا میں جاکر جب نہاتا ہے
یگانے زندگی تک ہیں عزیز واقربا اے رندؔ
لحد میں سوئے جب جاکر نہ رشتا ہے نہ ناتا ہے
مأخذ :
- کتاب : دیوان رند (Pg. 182)
- Author : سید محمد خان رندؔ
-
مطبع : منشی نول کشور، لکھنؤ
(1931)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.