مرگِ مجبور کہ انجام تمنائی ہے
مرگِ مجبور کہ انجام تمنائی ہے
حشر کیا چیز ہے اک حد شکیبائی ہے
حسنِ خود بیں ترا مخمور خود آرائی ہے
حیرتِ دید سے مسرور تمنائی ہے
موت آ جائے محبت میں تو پردہ رہ جائے
زندگی کیا جو یہی حالت رسوائی ہے
شوق محدود نہ وہ حسن کے جلوے محدود
اس کی صورت جہاں دیکھا ہے نظر آئی ہے
ہاں یہ ہی نعرۂ منصور کے معنی نکلے
اپنی ہستی پہ کرے غور تو رسوائی ہے
آئینہ سازِ حقیقت ہیں نگاہیں تیری
تو نے دیکھا تو میرے دل نے جلا پائی ہے
بے نقاب آج وہ میت پہ مری آئے ہیں
آج اے حکم مشیت تری رسوائی ہے
کشتۂ شام شبِ ہجر کو شکوہ نہ رہا
موت کی رات بہ انداز سحر آئی ہے
خاک اڑتی ہے مری بزم تمنا میں شفیقؔ
آرزو میری جو قربان خود آرائی ہے
- کتاب : ماہنامہ مشورہ، آگرہ (Pg. 500)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.