وہ کون ہے دنیا میں جسے غم نہیں ہوتا
وہ کون ہے دنیا میں جسے غم نہیں ہوتا
کس گھر میں خوشی ہوتی ہے ماتم نہیں ہوتا
ایسے بھی ہیں دنیا میں جنہیں غم نہیں ہوتا
اک غم ہے ہمارا جو کبھی کم نہیں ہوتا
تم جا کے چمن میں گل و بلبل کو تو دیکھو
کیا لطف تہہ چادر شبنم نہیں ہوتا
کیا سرمہ بھری آنکھوں سے آنسو نہیں گرتے
کیا مہندی لگے ہاتھوں سے ماتم نہیں ہوتا
اڑتی تھی وہ شے آتی تھیں جنت کی ہوائیں
اب رندوں کا جمگھٹ سر زمزم نہیں ہوتا
یہ جان کے کیوں روئے گا کوئی سر تربت
سبزے سے جدا قطرۂ شبنم نہیں ہوتا
یہ شان گدائے در میخانہ ہے ساقی
بھولے سے وہ بزم کے وہ جم نہیں ہوتا
مایوس اثر اشک عنا دل نہیں ہوتے
مانوس اثر گریہ شبنم نہیں ہوتا
کچھ اور ہوتی ہیں بگڑنے کی ادائیں
بننے میں سنورنے میں یہ عالم نہیں ہوتا
تسکین تو ہوجائے جو تو پھوٹ کے بہہ جائے
یہ تجھ سے بھی اے دیدۂ پر نم نہیں ہوتا
سبزہ مری تربت کا رگ گل نہیں بلبل
ان آنسوؤں سے تیرے تو یہ نم نہیں ہوتا
مٹتے ہوئے دیکھی ہے عجب حسن کی تصویر
اب کوئی مرے مجھ کو ذرا غم نہیں ہوتا
وہ بھی تو مٹے جان جہاں نام تھا جن کا
یہ نظم جہاں پھر بھی تو برہم نہیں ہوتا
کچھ بھی ہو ریاضؔ آنکھ میں آتے نہیں آنسو
مجھ کو تو کسی بات کا اب غم نہیں ہوتا
- کتاب : ریاض رضواں (Pg. 165)
- Author : ریاضؔ خیرآبادی
- مطبع : کتاب منزل،لاہور (1961)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.