آتا ہے دل میں بت کی پرستش کیا کروں
آتا ہے دل میں بت کی پرستش کیا کروں
رکھ کر صنم کو سامنے سجدہ ادا کروں
لچھمن ہوں رام ہوں کہ کشن جو ہوں خود ہوں میں
زنار ڈالے اپنے گلے میں پھرا کروں
پڑھ کر فاینما جو نصاریٰ کرے کلام
کیا تاب ہے کہ اس سے میں چوں و چرا کروں
محراب کعبہ میں مجھے جانے دے شیخ اگر
منبر پہ چڑھ کے خطبہ صنم کا پڑھا کروں
پہنچی ہے جان لبوں پہ میرا ناک میں ہے دم
اے عشق کب تلک ترے صدمے سہا کروں
بے نام و بے نشاں کے تصور میں رکھ مجھے
اے دل تری قسم کہ نہ یاد خدا کروں
چھپ کر دہن میں میم کے گویا ہے بے زباں
یار اپنا اس کی کون سے منہ سے ثنا کروں
لاہوت کے مقام میں آ جائے گر نفس
اک دم میں لاکھ بار میں سیر بقا کروں
صوت و صدا کے باغ کا خود ہوں میں عندلیب
کب تک قفس میں تن کے مقید رہا کروں
حاصل ہوئی ہیں سب صفتیں بندہ کی مجھے
پھر کیوں نہ گھر میں رب کو بلا کر ملا کروں
منصور سا مجھے بھی ابھی دیجے دار پر
کہہ کر انا الحق اپنی خودی کو فنا کروں
مرشد ہے مے فروش تو کیا ڈر ہے پھر مجھے
لے کر شراب شوق کو ہر دم پیا کروں
بیگانے جو بنے ہیں وہ ہمسایہ دار ہیں
غیبت کروں میں ان کی نہ ہرگز گلا کروں
حبل الورید کا نہ ہو عقدہ جو تجھ سے حل
الجھی گرہ کو تار نفس کی میں وا کروں
بدلا ہے روح نے جو مقام اے طبیب عشق
تسکین ہوگی دل کو خود اب کیا دوا کروں
ہے ذات لایموت کی یہ سب الٹ پلٹ
کچھ خوف کر نہ یار اگر میں قضا کروں
خواجہ معین دین کی جو عاشقؔ کو ہے مدد
ہر اک کو کیوں نہ آپ کا پھر مبتلا کروں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.