شان خدا بھی آپ محبوب خدا بھی آپ ہیں
شان خدا بھی آپ محبوب خدا بھی آپ ہیں
تجسیم حق بھی آپ ہیں اور حق نما بھی آپ ہیں
روز ابد تک آپ ہیں سالار جیش انبیا
روز ازل سے مرشد اہل صفا بھی آپ ہیں
قدرت کی ہر تخلیق کا ہیں آپ واحد مدعا
حسن زمیں بھی آپ ہیں نور سما بھی آپ ہیں
اپنے رفیقوں کے لیے پتھر بھی ڈھوئے آپ نے
اور دشمنوں کے حق میں مصروف دعا بھی آپ ہیں
اسلام کے حلقے میں جو اوہام کا بیمار ہو
اس کی دوا بھی آپ ہیں اس کی شفا بھی آپ ہیں
ہر دائرہ آواز کا لفظ محمدؐ بن گیا
میرے لیے تو قبلۂ صوت و صدا بھی آپ ہیں
میں فلسفوں کی دھوپ میں جلتا رہا ہوں عمر بھر
ان علم کے صحراؤں میں موج صبا بھی آپ ہیں
ظلمات این و آں میں ہوں میں کب سے سرگرم سفر
اور اس سفر میں میری منزل کا پتہ بھی آپ ہیں
میرا ندیمؔ ایماں ہے یہ ایماں کی اک میزاں ہے یہ
بے انتہا بھی آپ لیکن انتہا بھی آپ ہیں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.