کافر ہیں نہ ہم اور نہ دیندار ہیں یارو
کافر ہیں نہ ہم اور نہ دیندار ہیں یارو
شاہ عنایت اللہ صفی پوری
MORE BYشاہ عنایت اللہ صفی پوری
کافر ہیں نہ ہم اور نہ دیندار ہیں یارو
ہم عشق کے مذہب کے پرستار ہیں یارو
اک عمر سے عاشق ہیں ہم اس زلف دوتا کے
اس دام میں مدت سے گرفتار ہیں یارو
جو چاہے کرے جور و جفا ہم پہ وہ دلبر
ہم اس کی محبت کے گنہ گار ہیں یارو
صحت نہیں ہونے کی فلاطوں کی دوا سے
ہم نرگس بیمار کے بیمار ہیں یارو
زندہ ہمیں کر سکتا نہیں ہے دم عیسی
ہم کشتۂ مژگاں دل آزار ہیں یارو
ہر چند کہ وہ لے گیا ہے ہوش ہمارا
پر خوب ہمیں سمجھو کہ ہشیار ہیں یارو
خواہش نہ ہمیں سایۂ طوبیٰ کی ہے ہرگز
ہم بندۂ عشق قد دلدار ہیں یارو
جب سے کہ لگا ہاتھ ہے اس زلف کا يک تار
ہم منحرف از سبحہ و زنار ہیں یارو
مجھ آثمؔ بیدل سے جو پوچھیں گے کہوں گا
ہم تو شہ خادم کے طلب گار ہیں یارو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.