جانِ رحمت مرا واسطہ آپ سے
جانِ رحمت مرا واسطہ آپ سے
جو بھی کہنا ہوا کہہ لِیا آپ سے
میری تہذیبِ فکر و نظر آپ ہیں
سوچنا آپ سے دیکھنا آپ سے
میرے ظاہر میں باطن میں عکس آپ کا
چشم و دل آئینہ آئینہ آپ سے
جسم و جاں آپ کی ضو سے معمور ہیں
مجھ میں جشنِ چراغاں ہوا آپ سے
ایک دریا سے نکلی ہیں سب ندیاں
انبیا آپ سے اؤلیا آپ سے
آپ سے بند لفظوں کے معنی کھلے
گل ہے گل اور ہوا ہے ہوا آپ سے
آپ کی رفعتوں کا یہ احسان ہے
پست انسان کا قد بڑھا آپ سے
مسندِ گل پہ تشریف فرما ہوئے
خار و خس کو یہ رتبہ ملا آپ سے
لب پہ لرزاں ہو یا دل میں ترساں رہے
عرض گستر ہے حرفِ ثنا آپ سے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.