ہے حاصل_حیات محبت رسول کی
ہے حاصل حیات محبت رسول کی
اللہ کا کرم ہے عنایت رسول کی
کیا جانے کوئی طاقت و قوت رسول کی
قدرت خدا کی ہوتی ہے قدرت رسول کی
اتنی ہی اس کی دولت ایماں نصیب ہے
ہے جس کے دل میں جتنی محبت رسول کی
ہر ذرہ غار ثور کا شاہد ہے آج بھی
صدیق پر ہے ختم رفاقت رسول کی
انصاف کی تو بات یہی ہے خدا گواہ
فاروق میں تھی شان عدالت رسول کی
عثمان کی خود بخود ہی وہ تصویر بن گئی
یکجا ہوئی جو شرم و مروت رسول کی
آتی ہے یاد آج بھی نام علی کے ساتھ
حق آگہی و شان شجاعت رسول کی
خوان کرم ہے آپ کا کونین کے لیے
انسانیت کو عام ہے دعوت رسول کی
معراج چشم شوق ہے دیدار مصطفیٰ
صورت وہی خدا کی جو صورت رسول کی
روز جزا کی فکر میں کیوں جان کھو دیے
کیا بس نہیں ہے ہم کو شفاعت رسول کی
صدقے میں پل رہا ہوں رؤف الرحیم کے
ہے زندگی رہین عنایت رسول کی
بے شک یہ منکرین شفاعت بھی حق پہ ہیں
ان کے لیے نہیں ہے شفاعت رسول کی
حسن عمل پہ ناز مرے دشمنوں کو ہو
میں ساتھ لے کے جاؤں گا الفت رسول کی
کونین میں اسی کی حکومت اسی کا راج
ہو جائے جس پہ چشم عنایت رسول کی
عاصی تو ہیں ضرور مگر خوش نصیب ہیں
پھرتی ہے ڈھونڈھتی ہیں رحمت رسول کی
اللہ سے تو سارے زمانے کو ربط ہے
ایمان اصل میں ہے محبت رسول کی
کامل کبھی تو دامن آل نبی نہ چھوڑ
جانے نہ پائے ہاتھ سے نسبت رسول کی
- کتاب : وارداتِ کامل (Pg. 173)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.