کس سے مانگیں کہاں جائیں کس سے کہیں اور دنیا میں حاجت_روا کون ہے
کس سے مانگیں کہاں جائیں کس سے کہیں اور دنیا میں حاجت_روا کون ہے
پیر نصیرالدین نصیرؔ
MORE BYپیر نصیرالدین نصیرؔ
کس سے مانگیں کہاں جائیں کس سے کہیں اور دنیا میں حاجت روا کون ہے
سب کا داتا ہے تو سب کو دیتا ہے تو تیرے بندوں کا تیرے سوا کون ہے
کون مقبول ہے کون مردود ہے بے خبر کیا خبر تجھ کو کیا کون ہے
جب تلیں گے عمل سب کے میزان پر تب کھلے گا کہ کھوٹا کھرا کون ہے
کون سنتا ہے فریاد مظلوم کی کس کے ہاتھوں میں کنجی ہے مقسوم کی
رزق پر کس کے پلتے ہیں شاہ و گدا مسند آرائے بزم عطا کون ہے
اولیا تیرے محتاج اے رب کل تیرے بندے ہیں سب انبیا و رسل
ان کی عزت کا باعث ہے نسبت تری ان کی پہچان تیرے سوا کون ہے
میرا مالک مری سن رہا ہے فغاں جانتا ہے وہ خاموشیوں کی زباں
اب مری راہ میں کوئی حائل نہ ہو نامہ بر کیا بلا ہے صبا کون ہے
ابتدا بھی وہی انتہا بھی وہی نا خدا بھی وہی ہے خدا بھی وہی
جو ہے سارے جہانوں میں جلوہ نما اس احد کے سوا دوسرا کون ہے
وہ حقایق ہوں اشیا کے یا خشک و تر فہم و ادراک کی زد میں ہیں سب مگر
ماسوا ایک اس ذات بے رنگ کے فہم و ادراک سے ما وریٰ کون ہے
انبیا اولیا اہل بیت نبی تابعین و صحابہ پہ جب آ بنی
گر کے سجدے میں سب نے یہی عرض کی تو نہیں ہے تو مشکل کشا کون ہے
اہل فکر و نظر جانتے ہیں تجھے کچھ نہ ہونے پہ بھی مانتے ہیں تجھے
اے نصیرؔ اس کو تو فضل باری سمجھ ورنہ تیری طرف دیکھتا کون ہے
- کتاب : کلیات نصیرؔ گیلانی (Pg. 11)
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.