ارضِ بطحیٰ کی طرح کوئی زمیں ہے تو کہو
ارضِ بطحیٰ کی طرح کوئی زمیں ہے تو کہو
سارے عالم میں کوئی اُن سا حسیں ہے تو کہو
ان کے اندازِ سخاوت کی نہیں مثل کوئی
ان کے اخلاق سی فرخندہ جبیں ہے تو کہو
ان کے ہاں اپنے درودوں کو امانت رکھ دو
میری سرکار سا دنیا میں امیں ہے تو کہو
رب کے محبوب سے مانگا ہے تو پھر فکر نہ کر
لبِ سرکار پہ گر لفظِ نہیں ہے تو کہو
میرے آقا کو تذبذب میں پکارے نہ کوئی
ہاں اگر ان کی عطاؤں پہ یقیں ہے تو کہو
رونقِ ارض و سما کا ہے مدینہ مسکن
ایسی پُر نور فضا اور کہیں ہے تو کہو
گنبدِ سبز بڑے فخر سے کہتا ہے یہی
رب کی خلقت میں کہیں ایسا مکیں ہے تو کہو
رب کے محبوب ہی مقصودِ دو عالم ہیں شکیلؔ
کچھ بھی آقا کے سوا حاصلِ دیں ہے تو کہو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.