Sufinama

قسمت پر اشعار

قسمت جاگے تو ہم سوئیں قسمت سوئے تو ہم جاگیں

دونوں ہی کو نیند آئے جس میں کب ایسی راتیں ہوتی ہیں

آرزو لکھنوی

ملا ہے جو مقدر میں رقم تھا

زہے قسمت مرے حصے میں غم تھا

واصف علی واصف

اگر ہم تم سلامت ہیں کبھی کھل جائے گی قسمت

اسی دور لیالی میں اسی گردوں کے چکر میں

راقم دہلوی

کجی میری قسمت کی پھر دیکھنا

ذری اپنی ترچھی نظر دیکھئے

بیدم شاہ وارثی

بگاڑ قسمت کا کیا بتاؤں جو ساتھ میرے لگی ہوئی ہے

کہیں کہیں سے کٹی ہوئی ہے کہیں کہیں سے مٹی ہوئی ہے

مضطر خیرآبادی

کچھ نہ ہو اے انقلاب آسماں اتنا تو ہو

غیر کی قسمت بدل جائے میری تقدیر سے

بیدم شاہ وارثی

ان کو گل کا مقدر ملا

مجھ کو شبنم کی قسمت ملی

فنا نظامی کانپوری

خوشی سے دور ہوں نا آشنائے بزم عشرت ہوں

سراپا درد ہوں وابستۂ زنجیر قسمت ہوں

شاہ محسن داناپوری

دیکھنا ان کا تو قسمت میں نہیں

دیکھنے والے کو دیکھا چاہیے

بیدم شاہ وارثی

بدلتی ہی نہیں قسمت محبت کرنے والوں کی

تصور یار کا جب تک فناؔ پیہم نہیں ہوتا

فنا بلند شہری

لذتیں دیں غافلوں کو قاسم ہشیار نے

عشق کی قسمت ہوئی دنیا میں غم کھانے کی طرح

خواجہ رکن الدین عشقؔ

چمک اٹھی ہے قسمت ایک ہی سجدہ میں کیا کہنا

لئے پھرتا ہے پیشانی پہ نقش آستاں کوئی

افقر موہانی

اپنی قسمت پہ فرشتوں کی طرح ناز کروں

مجھ پہ ہو جائے اگر چشم عنایت تیری

فنا بلند شہری

تکیے میں کیا رکھا ہے خط غیر کی طرح

دیکھوں تو میں نوشتۂ قسمت مرا نہ ہو

بیدم شاہ وارثی

بنے شعلے بجلی کے قسمت سے میری

جو تنکے تھے کچھ آشیانے کے قابل

ریاض خیرآبادی

یہ بھی قسمت کا لکھا اپنی کہ اس نے یارو

لے کے خط ہاتھ سے قاصد کی نہ میرا کھولا

شاہ نصیر

یہ قسمت داغ جس میں درد جس میں

وہ دل ہو لوٹ دست نازنیں پر

ریاض خیرآبادی

قسمت کی نارسائیاں بعد فنا رہیں

مر کے بھی دفن ہو نہ سکا کوئے یار میں

حیرت شاہ وارثی

اے قاصد اشک و پیک صبا اس تک نہ پیام و خط پہنچا

تم کیا کرو ہاں قسمت کا لکھا یہ بھی نہ ہوا وہ بھی نہ ہوا

شاہ نصیر

وائے قسمت شمع پوچھے بھی نہ پروانوں کی بات

اور بے منت ملیں بوسے لب گل گیر کو

بے نظیر شاہ وارثی

ملامت ہی لکھی ہے سربسر کیا

مری قسمت میں تیرے پاسباں سے

حسرت موہانی

مرید پیر مے خانہ ہوئے قسمت سے اے ناصح

نہ جھاڑیں شوق میں پلکوں سے ہم کیوں صحن مے خانہ

ابراہیم عاجزؔ

اس کی ناکامئ قسمت پر کہاں تک روئیے

غرق ہو جائے سفینہ جس کا ساحل کے قریب

افقر موہانی

ایک دن وہ میرے گھر ہے ایک دن وہ اس کے گھر

غیر کی قسمت بھی ہے میرے مقدر کا جواب

امیر مینائی

قسمت نے آہ ہم کو یہ دن بھی دکھا دیئے

قسمت پہ اعتبار کیا ہائے کیا کیا

بہزاد لکھنوی

رہ کے آغوش میں اے بحر کرم عاشق کو

قسمت سوختۂ سبزۂ ساحل دینا

آسی غازیپوری

چھٹے گی کیسے مظفرؔ سیاہی قسمت کی

نکل تو آئے گا خورشید رات ڈھلنے سے

مظفر وارثی

جلوۂ ہر روز جو ہر صبح کی قسمت میں تھا

اب وہ اک دھندلا سا خواب دوش ہے تیرے بغیر

سیماب اکبرآبادی

ہائے اس مرد کی قسمت جو ہوا دل کا شریک

ہائے اس دل کا مقدر جو بنا دل میرا

جگر مرادآبادی

میری آنکھ کا تارا ہے آنسو میری قسمت کا

قسمت کو میں روتا ہوں قسمت مجھ کو روتی ہے

ریاض خیرآبادی

نگاہ یار جسے آشنائے راز کرے

وہ اپنی خوبیٔ قسمت پہ کیوں نہ ناز کرے

حسرت موہانی

کوشش تو بہت کی میں نے مگر قسمت کی نہ تھی کچھ اپنی خبر

لے صبر سے کام دل مضطر جب داد نہیں فریاد نہ کر

محبوبؔ وارثی گیاوی

وصال یار جب ہوگا ملا دے گی کبھی قسمت

طبیعت میں طبیعت کو دل و جاں میں دل و جاں کو

راقم دہلوی

حسینوں نے قسمت میں اصلاح دی

نصیبوں کا لکھا دھرا رہ گیا

مضطر خیرآبادی

صدا ہی میری قسمت جوں صدائے حلقۂ در ہے

اگر میں گھر میں جاتا ہوں تو وہ باہر نکلتا ہے

عبدالرحمٰن احسان دہلوی

مضطرؔ مجھے چاہت میں سجدوں کی ضرورت کیا

خاک در جاناں نے قسمت مری چمکا دی

مضطر خیرآبادی

بتا کر شوخیاں اس کو ادا کی

ڈبوئی ہم نے قسمت مدعا کی

راقم دہلوی

پھر امیدوں کو شعاع کامرانی کر عطا

قسمت تاریک کو ہنگامۂ تنویر دے

سیدہ خیرآبادی

ماتھا میں رگڑتا ہوں قسمت مری چمکا دے

تجھ میں تو شرارے ہیں سنگ در جانانہ

مضطر خیرآبادی

ہجر کے آلام سے چھوٹوں یہ قسمت میں نہیں

موت بھی آنے کا گر وعدہ کرے باور نا ہو

رضا فرنگی محلی

جان چھوٹے الجھنوں سے اپنی یہ قسمت نہیں

موت بھی آئے تو مرنے کی مجھے فرصت نہیں

عرش گیاوی

دردؔ کے دل کو بنا مخزن فوارۂ نور

میری تاریکیٔ قسمت کے اجالے ساقی

درد کاکوروی

صیاد اور گلچیں دونوں کی بن پڑی ہے

بلبل کی پھوٹی قسمت فصل بہار کیا ہے

حسن امام وارثی

نظر افزوزئی شمع تجلی اے زہے قسمت

کہاں بزم جمال ان کی کہاں پروانگی اپنی

ذکی وارثی

چرکے وہ دیے دل کو محرومیٔ قسمت نے

اب ہجر بھی تنہائی اور وصل بھی تنہائی

صوفی تبسم

ہم تلخیٔ قسمت سے ہیں تشنہ لب بادہ

گردش میں ہے پیمانہ پیمانے سے کیا کہئے

سیماب اکبرآبادی

ریاضؔ اپنی قسمت کو اب کیا کہوں میں

بگڑنا تو آیا سنورنا نہ آیا

ریاض خیرآبادی

وہ عزم باقی نہ رزم باقی نہ شوکت و شان بزم باقی

ہماری ہر بات مٹ چکی ہے کہ ہم کو قسمت مٹا رہی ہے

سیدہ خیرآبادی

خط قسمت مٹاتے ہو مگر اتنا سمجھ لینا

یہ حرف آرزو ہاتھوں کی رنگت لے کے اٹھیں گے

مضطر خیرآبادی

ترا غم سہنے والے پر زمانہ مسکراتا ہے

مگر ہر شخص کی قسمت میں تیرا غم نہیں ہوتا

عزیز وارثی دہلوی

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

متعلقہ موضوعات

Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

GET YOUR PASS
بولیے