اعجاز سہروردی کا تعارف
اعجاز سہروردی پاکستان کے معروف نعت گو شاعر، نعت خواں اور صوفیانہ مزاج رکھنے والے ادیب ہیں، جنہوں نے اردو نعتیہ ادب میں اپنی منفرد فکری و فنی شناخت قائم کی، ان کا اصل نام اعجازالدین ہے، یکم جنوری 1967ء کو کراچی میں ایک علمی، دینی اور نعتیہ خانوادے میں پیدا ہوئے، اعجاز سہروردی کو نعتیہ شاعری کا ذوق ورثے میں ملا، آپ معروف نعت گو شاعر ریاض الدین سہروردی کے صاحبزادے ہیں، جبکہ عالمی شہرت یافتہ نعت خواں فصیح الدین سہروردی آپ کے بھائی ہیں، اس روحانی، ادبی اور نعتیہ ماحول نے ان کی شخصیت اور فکر کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کیا، اعجاز سہروردی نہ صرف ایک صاحبِ طرز نعت نگار ہیں بلکہ خوش الحان نعت خواں بھی ہیں، ان کے کلام میں عشقِ رسول، روحانی وارفتگی، صوفیانہ فکر اور جذبۂ عقیدت نہایت مؤثر انداز میں جلوہ گر ہوتا ہے، اعجاز سہروردی دینی خدمات سے بھی وابستہ رہے ہیں، وہ کراچی کی معروف جامع مسجد بغدادی میں خطیب اور امام کے فرائض انجام دیتے رہے، جہاں ان کے خطبات اور روحانی بیانات سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہوتی رہی ہے۔