Font by Mehr Nastaliq Web
Imam Ali Raza's Photo'

امام علی رضا

766 - 818 | خراسان, ایران

اہلِ بیت کے جلیل القدر امام تھے، آپ نے علم، تقویٰ اور دینی رہنمائی کے ذریعے اسلامی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ عباسی خلیفہ مأمون نے آپ کو ولی عہد مقرر کیا مگر بعد میں طوس میں آپ کو زہر دے کر شہید کر دیا گیا۔

اہلِ بیت کے جلیل القدر امام تھے، آپ نے علم، تقویٰ اور دینی رہنمائی کے ذریعے اسلامی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ عباسی خلیفہ مأمون نے آپ کو ولی عہد مقرر کیا مگر بعد میں طوس میں آپ کو زہر دے کر شہید کر دیا گیا۔

امام علی رضا کا تعارف

اصلی نام : رضا

پیدائش : 01 Jan 766 | مدینہ

وفات : 06 Jun 818 | خراسان, ایران

رشتہ داروں : امام جعفر صادق (دادا), امام موسیٰ کاظم (والد)

امام علی بن موسیٰ رضا کی ولادت باسعادت 11 ذیقعدہ 148 ہجری مطابق 1 جنوری 766ء مدینہ منورہ میں ہوئی، آپ کی شہادت 17 صفر 203 ہجری مطابق 26 مئی 819ء طوس، ایران میں واقع ہوئی، آپ کا دورِ امامت تقریباً بیس سال پر محیط ہے جو علم، حکمت، صبر، تدبر اور دینی رہنمائی کا ایک درخشاں باب ہے، آپ کے دادا امام جعفر صادق کی وفات آپ کی ولادت سے ایک ماہ قبل ہوئی تھی، ایسے نازک اور غم انگیز موقع پر آپ کی ولادت نے اہلِ بیت کے گھرانے کے لیے تسکین اور روحانی تقویت کا سامان فراہم کیا، آپ کی پرورش آپ کے شفیق والد امام موسیٰ کاظم کی زیرِ نگرانی ہوئی، جن کی علمی و روحانی تربیت میں آپ نے بچپن اور جوانی کے مراحل طے کیے، آپ نے تقریباً اکتالیس برس تک اپنے والد گرامی کی صحبت اور تعلیم سے براہِ راست استفادہ کیا، یہاں تک کہ امام موسیٰ کاظم کو بغداد میں عباسی خلیفہ ہارون رشید کے دور میں قید و بند کی صعوبتیں جھیلنی پڑیں اور بالآخر وہیں ان کی شہادت واقع ہوئی، امام موسیٰ کاظم نے اپنے زمانے کے سیاسی حالات اور عباسی سلطنت کی سخت گیر پالیسیوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے پہلے ہی اپنے جانشیں کا تعارف اپنے اصحاب اور معززینِ مدینہ کے سامنے کرا دیا تھا، روایت کے مطابق انہوں نے سترہ ممتاز علوی شخصیات کو جمع کر کے اپنے فرزند امام علی بن موسیٰ رضا کی امامت کا اعلان فرمایا، اسی طرح ایک وصیت نامہ تحریر کیا گیا جس پر مدینہ کے ساٹھ معزز بزرگوں نے بطورِ گواہ دستخط کیے، یہ انتظامات اس لحاظ سے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں کہ بعد ازاں امامت کے مسئلے پر پیدا ہونے والے اختلافات میں انہوں نے ایک واضح اور مضبوط بنیاد فراہم کی۔
امام موسیٰ کاظم کی شہادت کے وقت امام رضا کی عمر تقریباً پینتیس برس تھی اور اسی موقع پر امامت کی عظیم ذمہ داری آپ کے سپرد ہوئی، اس وقت عباسی خلیفہ ہارون رشید اپنے اقتدار کے عروج پر تھا اور اہلِ بیتِ اطہار کے لیے حالات ہمیشہ کی طرح نہایت سخت اور آزمائشی تھے، ظلم و جبر کے اس ماحول میں بھی امام رضا نے شریعتِ محمدی کی حفاظت، دینی تعلیمات کی نشر و اشاعت اور امت کی روحانی رہنمائی کا فریضہ نہایت وقار اور حکمت کے ساتھ انجام دیا، ہارون رشید کی وفات کے بعد اس کے بیٹوں امین اور مامون کے درمیان اقتدار کی کشمکش نے سلطنت کو شدید بحران میں مبتلا کر دیا، اسی سیاسی پس منظر میں مامون نے اپنی حکومت کو مستحکم کرنے کے لیے ایک حکمتِ عملی اختیار کی، جس کے تحت اس نے امام علی بن موسیٰ رضا کو مدینہ منورہ سے خراسان طلب کیا، اس سفر کو تاریخ میں ایک غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ اس میں امام نے نہایت صبر، وقار اور مقصدیت کے ساتھ مختلف مراحل طے کیے۔
مدینہ سے مکہ پھر بصرہ، قادسیہ، اہواز، قم اور رے کے راستے سے آپ طوس (مرو) پہنچے، اس پورے سفر کے دوران آپ نے نہ صرف دینی بصیرت اور اخلاقی عظمت کا اظہار کیا بلکہ مختلف مقامات پر اہلِ ایمان کو صبر، استقامت اور دینِ حق سے وابستگی کا درس بھی دیا، قم میں آپ کے قیام کو خاص اہمیت حاصل ہے جہاں محرم کے ایام میں مجالسِ عزا کی ایک منظم صورت کی بنیاد پڑی جو بعد ازاں ایک دینی و روحانی روایت کی شکل اختیار کر گئی، مرو میں مامون نے بظاہر نہایت عزت و احترام کے ساتھ امام کو اپنا ولی عہد مقرر کیا اور آپ کا نام سونے چاندی کے سکوں پر اپنے نام کے ساتھ شامل کیا گیا، تاہم یہ سیاسی تدبیر اپنے اندر متعدد پیچیدہ مقاصد رکھتی تھی جن کا تعلق عباسی اقتدار کے استحکام سے تھا، امام نے اس منصب کو قبول تو فرمایا مگر اسے کبھی ذاتی اقتدار یا حکومتی خواہش کے طور پر اختیار نہ کیا بلکہ ہر موقع پر یہ واضح فرمایا کہ آپ اس امر پر مجبور کیے گئے ہیں، مامون کے دربار میں مختلف مذاہب کے علما اور اہلِ فکر کے ساتھ مناظرات و مباحثات کا سلسلہ بھی جاری رہا جن میں امام نے علم، منطق اور وحیانی بصیرت کے ذریعے اسلام کی حقانیت اور اہلِ بیت کی علمی فضیلت کو واضح فرمایا، ان علمی مباحث نے نہ صرف اس دور کے فکری ماحول کو متاثر کیا بلکہ اسلامی فکر میں ایک نئے علمی باب کا اضافہ بھی کیا، آپ کی حیاتِ مبارکہ زہد، تقویٰ، سادگی اور اخلاقِ عالیہ کا حسین نمونہ تھی، ولی عہدی کے بلند منصب کے باوجود آپ نے شاہانہ طرزِ زندگی اختیار نہ کیا، آپ کا طرزِ معاشرت نہایت سادہ تھا اور آپ اپنے اہلِ خانہ، خدام اور حتیٰ کہ کمزور طبقوں کے ساتھ بھی مساوات اور شفقت کا برتاؤ فرماتے تھے، یہی وجہ ہے کہ آپ کی سیرت میں عدل، انسان دوستی اور روحانی بلندی کا ایک کامل توازن نظر آتا ہے، بالآخر مامون کے دور میں طوس کے مقام پر آپ کو زہر دے کر شہید کر دیا گیا اور آپ کو اسی مقام پر دفن کیا گیا جہاں ہارون رشید کی قبر موجود تھی۔

موضوعات

Recitation

بولیے