خالد عباس الاسدی کا تعارف
اصلی نام : خالد عباس
پیدائش :پنجاب
ڈاکٹر خالد عباس الاسدی اردو ادب کے ان ممتاز اہلِ قلم میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے شاعری، ادب، تحقیق اور سماجی خدمات کے میدان میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے، وہ ایک صاحبِ فکر شاعر، کہنہ مشق ادیب، دانشور اور باوقار علمی شخصیت کی حیثیت سے ادبی حلقوں میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں، ایک طویل عرصے سے مدینہ منورہ میں شعبۂ طب سے وابستہ ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی کثرت کے باوجود طب، ادب اور سماجی خدمت، تینوں میدانوں میں یکساں انہماک اور خلوص کے ساتھ سرگرمِ عمل ہیں، بالخصوص پاکستانی اور کشمیری برادری کی فلاح و بہبود اور رفاہی سرگرمیوں میں ان کی خدمات نہایت قابلِ قدر اور لائقِ تحسین ہیں، خالد عباس نے اپنی علمی و ادبی کاوشوں، تحقیقی خدمات اور شاعرانہ تخلیقات کے ذریعے اردو ادب میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے، ان کی ہمہ جہت خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے 14 اگست 2025ء کو پاکستان قونصلیٹ جنرل جدہ میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران انہیں ادب، سماجی خدمت اور طب کے شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر "لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ" سے نوازا، یہ اعزاز قونصل جنرل پاکستان، خالد مجید کے ہاتھوں انہیں پیش کیا گیا، خالد عباس کی تازہ ترین تصنیف ’’ہم عہدِ وفا میں زندہ ہیں‘‘ ان کے پختہ شعور، گہرے فکری مطالعے اور لطیف شعری احساسات کی آئینہ دار ہے۔