قابل لاہوری کا تعارف
مصرا رام داس لاہور کے سکونت پذیر تھے اور ’’قابل‘‘ تخلص کرتے تھے، انہوں نے فارسی زبان میں 152 اشعار پر مشتمل ایک لطیف، دل آویز اور عقیدت سے لبریز نعت کہی ہے، ان کے نعتیہ کلام میں قرآن و حدیث کی تلمیحات کے وسیلے سے معجزاتِ نبوی کو نہایت خوب صورتی اور شعری سلیقے کے ساتھ نظم کیا گیا ہے، ڈاکٹر اسمعٰیل آزاد فتح پوری نے قابل لاہوری کے اس نعتیہ قصیدے کو اپنی کتاب ’’سوغاتِ صنم خانہ‘‘ میں شامل کیا ہے، یہ قصیدہ نہ صرف قابل کی فارسی دانی اور شعری قدرت کا مظہر ہے بلکہ ان کے قلبی عقیدت و احترامِ رسول کی بھی روشن شہادت پیش کرتا ہے، ان کا یہ نعتیہ سرمایہ اردو و فارسی کی مشترکہ تہذیبی روایت میں غیر مسلم شعرا کی نعت گوئی کا ایک قابلِ قدر نمونہ ہے۔