راز لائل پوری کا تعارف
راز لائل پوری کی پیدائش 14 جولائی 1920ء کو لائلپور کے ایک متمول اور معزز خاندان میں جے آر تھاپر کے گھر ہوئی، وہ معروف مجاہدِ آزادی دیوان چند تھاپر کے برادرِ خورد تھے، ابتدائی تعلیم کے بعد میٹرک تک تعلیم حاصل کی اور اردو میں ادیب کا امتحان بھی کامیابی کے ساتھ پاس کیا، تقسیمِ ہند کے بعد 1947ء میں وہ دہلی منتقل ہوگئے جہاں انہوں نے اپنی ادبی سرگرمیوں کو مزید وسعت بخشی، ان کی شعری تربیت کے ابتدائی مراحل میں لائلپور، منٹگمری، لاہور اور ممبئی کے ادبی حلقوں میں معروف شاعر سرشار سیلانی کی سرپرستی حاصل رہی، سرشارؔ کے انتقال کے بعد انہوں نے ساحرؔ ہوشیارپوری سے تلمذ اختیار کیا اور ان کی اصلاح سے اپنے فن کو مزید جلا بخشی، راز پروفیسر بخشی اختر امرتسری کی مخلصانہ آرا اور مشوروں کو اپنے لیے سرمایۂ افتخار تصور کرتے تھے، راز لائلپوری کی ادبی خدمات ان کے متعدد شعری مجموعوں میں جلوہ گر ہیں، ان کی پہلی تصنیف نورِ صداقت ہندی رسمِ خط میں 1979ء میں شائع ہوئی، اس کے بعد ان کے دو اہم شعری مجموعے آئینۂ راز (1981ء) اور راز و نیاز (1985ء) منظرِ عام پر آئے، ان دونوں مجموعوں پر اتر پردیش اردو اکادمی نے انہیں انعام سے بھی نوازا، ان کا چوتھا شعری مجموعہ کائناتِ راز 1989ء میں شائع ہوا، غزل کے ساتھ ساتھ انہوں نے نعتیہ شاعری میں بھی اپنے والہانہ جذبۂ عشقِ رسول کا نہایت مؤثر اور دل آویز اظہار کیا ہے۔