ظفر سونی پتی کا تعارف
تخلص : 'ظفر'
اصلی نام : بدھ راج
پیدائش : 13 Aug 1923 | مظفر گڑھ, پنجاب
رشتہ داروں : آتش بہاولپوری (مرشد)
بدھ راج جو ادبی حلقوں میں ظفر سونی پتی کے نام سے معروف ہیں، نہایت مخلص، باوقار اور صاحبِ ذوق شخصیت کے مالک تھے، ان کا تعلق ایک معزز ٹھاکر خاندان سے تھا، 13 اگست 1923ء کو علی پور، مظفرگڑھ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کے دوران مڈل تک پہنچے ہی تھے کہ تقسیمِ ہند کے نتیجے میں ہجرت کرکے بھارت کے شہر سونی پت میں سکونت اختیار کی جہاں ان کی بقیہ زندگی گزری، شعر و ادب سے دلچسپی انہیں بچپن ہی سے تھی، اپنے شعری ذوق کی آبیاری کے لیے غلام حسین رئیس نیازی اور آتش بہاولپوری سے اصلاحِ سخن حاصل کی جس کے نتیجے میں ان کے کلام میں فنی پختگی اور فکری بالیدگی پیدا ہوئی، ان کی شاعری میں تصوف کا رنگ نہایت نمایاں ہے، معرفت، تزکیۂ نفس، روحانی اقدار اور اخلاقی پاکیزگی جیسے مضامین ان کے کلام کا بنیادی حوالہ ہیں، اسی روحانی رجحان کے باعث انہوں نے اپنے شعری مجموعے کا نام "گلستانِ معرفت" رکھا جو ان کی فکری جہت کا بھرپور آئینہ دار ہے، نعت گوئی بھی ان کی ادبی شخصیت کا ایک اہم اور نمایاں پہلو ہے، انہوں نے نہایت والہانہ محبت، ادب اور اخلاص کے ساتھ بارگاہِ رسالت مآب میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا، جس میں عشقِ رسول کی پاکیزہ کیفیات پوری شان کے ساتھ جلوہ گر ہوتی ہیں۔