Font by Mehr Nastaliq Web
Badr Phulwarwi's Photo'

بدر پھلواروی

1852 - 1924 | پھلواری شریف, بھارت

خانقاہ مجیبیہ، پھلواری شریف کے سجادہ نشیں اور پہلے امیر شریعت

خانقاہ مجیبیہ، پھلواری شریف کے سجادہ نشیں اور پہلے امیر شریعت

بدر پھلواروی کا تعارف

تخلص : 'بدر'

اصلی نام : بدرالدین

وفات : پھلواری شریف, بہار, بھارت

رشتہ داروں : محی پھلواروی (بیٹا), نصر پھلواروی (مرشد)

شاہ بدرالدین قادری 1268ھ میں پیدا ہوئے، آپ حضرت امیر عطاؤاللہ جعفری زینبی کی اولاد میں سے تھے، اس اعتبار سے آپ کو اپنے والد کی جانب سے پیر مجیب اللہ سے بھی نسبی تعلق حاصل تھا، درسی تعلیم کا آغاز 1273ھ میں شاہ علی حبیب نصر سے ابجد خوانی کے ذریعے ہوا، جبکہ فارسی کی ابتدائی کتابوں کے علاوہ معقول، منقول، فقہ اور اصولِ فقہ کی اعلیٰ تعلیم اپنے والدِ گرامی سے حاصل کی، علمِ عروض اور فنِ شاعری میں آپ کو شاہ وصی سے تلمذ حاصل تھا، 1282ھ میں شاہ علی حبیب نصر کے دستِ حق پرست پر بیعت کی، والد کے وصال کے بعد حضرت نصر ہی نے آپ کو سجادۂ جنیدیہ پر متمکن فرمایا اور جمیع سلاسلِ مجیبیہ و جنیدیہ میں اجازت و خلافت سے بھی سرفراز کیا، 1309ھ میں آپ حضرت نصر کے جانشیں منتخب ہوئے اور سجادۂ جنیدیہ کو زینت بخشی، 1915ء میں حکومتِ برطانیہ نے آپ کی علمی خدمات کے اعتراف میں شمس العلما کا خطاب اور تمغہ عطا کیا لیکن تحریکِ موالات کے موقع پر آپ نے یہ اعزاز واپس کر دیا، اس کے فوراً بعد امارتِ شرعیہ کا قیام عمل میں آیا اور آپ اس کے پہلے امیرِ شریعت منتخب ہوئے، آپ کی کوئی مستقل تصنیف نہیں، تاہم مختلف علمی و دینی موضوعات پر موصول ہونے والے سوالات کے جوابات آپ مقالات کی صورت میں تحریر فرمایا کرتے تھے جو بعد میں رسائل کی شکل اختیار کر گئے، ان تمام تحریروں کو حکیم شعیب نے یکجا کر کے لمعاتِ بدریہ کے نام سے شائع کیا ہے، 75 برس کی عمر میں 1343ھ میں آپ کا وصال ہوا اور اپنے مرشد حضرت نصر کے پہلو میں سپردِ خاک کیے گئے، شاہ بدر اور شاہ محی کا مجموعۂ کلام عطر الوردین کے نام سے شائع ہوچکا ہے، حضرت بدر کے کلام کے مرتب حکیم شعیب ہیں، جبکہ حضرت محی کے کلام کو شاہ عون احمد قادری نے مرتب کیا ہے، حضرت بدر کا شعری سرمایہ تقریباً پچاس غزلوں اور چند قطعات پر مشتمل ہے، ان کی بیشتر غزلوں کا موضوع نعتِ رسولِ اکرم ہے، اس کے علاوہ آپ نے اپنے مرشد حضرت علی مرتضیٰ اور حضرت ابو بکر صدیق کی شان میں منقبتیں بھی کہی ہیں، حمد، نعت اور منقبت کے ساتھ ساتھ آپ نے قومی اور ملی موضوعات پر بھی قابلِ قدر شاعری کی ہے۔

Recitation

بولیے