غوث گوالیاری کا تعارف
شیخ محمد غوث گوالیاری کا سلسلۂ نسب خواجہ فریدالدین عطار سے جا ملتا ہے۔ آپ برصغیر ہند و پاک کے متاخرین اولیاۓ کرام اور مشائخ عظام میں سے تھے۔ آپ کا سلسلۂ طریقت حاجی حمید حصور (مدفن : گوپال گنج، بہار) سے جا ملتا ہے۔ سلسلۂ ظاہری کے ساتھ ساتھ آپ کو باطنی طور پر شیخ عبد القادر جیلانی سے فیضان روحانی میسر تھا، آپ ہی کے فیض سے مرتبہ غوثیت اور اقطابیت پر پہنچے تھے، آپ نیشاپور سے ہندوستان تشریف لائے اور یہاں قیام پذیر ہوئے۔ شیخ غوث گوالیاری کا شمار شطاری سلسلے کے عظیم المرتب صوفیوں میں ہوتا ہے، آپ نے سلسلۂ شطاری کو نہ صرف آگے بڑھایا بلکہ اسے ایک مستحکم سلسلے کی شکل دی۔ شیخ غوث گوالیاری صاحب تصانیف عالیہ تھے۔ جواہر خمسہ اوراد غوثیہ اور بحرحیات ان کی مشہور تصانیف ہیں۔ آپ کی وفات 15 رمضان 970ھ میں ہوئی۔ مزار پر انوار گوالیار میں ہے۔