نصر پھلواروی کا تعارف
تخلص : 'نصر'
اصلی نام : علی حبیب
پیدائش :پھلواری شریف, بہار
وفات : پھلواری شریف, بہار, بھارت
رشتہ داروں : نورالعین حسن عسکری (مرید), فرد پھلواروی (والد), بدر پھلواروی (مرشد), نورالعین حسن عسکری (مرشد), کشش پھلواروی (مرشد)
شاہ علی حبیب نصر خلفِ اصغر شاہ ابوالحسن فرد 1249ھ میں پیدا ہوئے، علومِ ظاہری کی ابتدائی تحصیل اپنے والدِ گرامی سے کی، جبکہ تکمیلِ تعلیم اپنے چچا مولانا شاہ حسین کے زیرِ تربیت ہوئی، 1263ھ میں اپنے والدِ ماجد کے دستِ حق پرست پر بیعت کی اور اسی وقت جمیع سلاسل میں اجازت و خلافت سے بھی سرفراز ہوئے، بڑے بھائی شاہ نورالعین کے وصال کے بعد 1268ھ میں مسندِ رشد و ہدایت پر متمکن ہوئے اور ستائیس برس تک خلقِ خدا کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے رہے، 46 برس کی عمر میں 1295ھ میں داعیِ اجل کو لبیک کہا، حضرت نصر کو طفولیت ہی سے شعر و سخن سے غیر معمولی شغف تھا، آپ کا شعری سرمایہ دیوانِ معجز بیان کے نام سے شائع ہوچکا ہے، اس دیوان کا بیشتر حصہ مدحِ رسول اللہ پر مشتمل ہے، جبکہ چند غزلیں حضرت علی مرتضیٰ، شیخ عبدالقادر جیلانی، شیخ شرف الدین یحییٰ منیری اور پیر مجیب اللہ کی منقبت میں بھی شامل ہیں، آپ کا کلام مضامینِ تصوف سے لبریز ہے، غزل کے علاوہ آپ نے قصیدہ، مستزاد، مثنوی اور خمسے بھی کہے، تاہم غزل ہی آپ کی اصل اور محبوب صنفِ سخن رہی۔