عبداللہ ندیمؔ کا تعارف
20 اگست 1969 کو ضلع اعظم گڑھ کے گاؤں علاؤالدین پٹی میں پیدا ہوئے، علمی خانوادے سے تعلق ہے، معروف عالم دین مولانا عبدالسلام ندوی آپ کے بزرگوں میں شامل ہیں، جن کی تصنیف "شعر الہند" اردو تنقید کی اولین کتابوں میں شمار ہوتی ہے، ابتدائی تعلیم مدرسے میں حاصل کی، بعد ازاں جامعۃ الفلاح بلریا گنج سے عالمیت و فضیلت کی سند لی، جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی سے بی اے اور ماس کمیونیکیشن میں ایم اے کیا۔
شاعری کا ذوق وراثت میں پایا، ماموں عرفی آفاقی (صاحبِ دیوان شاعر) نے اس شوق کو جِلا بخشی۔ تقریباً 18 برس این ڈی ٹی وی سے وابستہ رہے۔ اس وقت ممبئی میں مقیم ہیں اور ڈاکیومنٹری فلم میکر کی حیثیت سے سرگرم ہیں، ریختہ، مضامین ڈاٹ کام اور ادبی میراث پر ان کے مضامین شائع ہوتے رہتے ہیں۔ طنز و مزاح سے خاص دلچسپی ہے۔ "ندیم" تخلص کرتے ہیں، حال ہی میں پہلا شعری مجموعہ "بوئے دوست" شائع ہوا، جسے ادبی حلقوں میں خوب سراہا گیا۔