ابرارالحق کیفؔ کا تعارف
ابرارالحق بن مولوی انوارالحق، بدایوں کے محلہ مولوی ٹولی میں ایک معزز عثمانی خاندان میں 1277ھ میں پیدا ہوئے، انہوں نے دینی علوم کی تکمیل مولانا عبدالقادر بدایونی سے کی، جبکہ فنِ طب میں مہارت حکیم سراج الحق عثمانی سے حاصل کی، ادبی میدان میں انہیں داغ دہلوی سے تلمذ کا شرف حاصل تھا، انہوں نے نہایت فصاحت و بلاغت کے ساتھ عاشقانہ مضامین پر مشتمل چار دیوان مرتب کیے، تاہم وہ شائع نہ ہو سکے، بعد ازاں ان کا رجحان نعت و منقبت کی طرف ہوگیا اور اسی صنف میں انہوں نے اپنے ذوق کا اظہار کیا،ع لمی و لسانی میدان میں بھی ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں، انہوں نے تذکیر و تانیث کے موضوع پر ایک مبسوط رسالہ تصنیف کیا جس میں اساتذۂ سخن کے کلام سے شواہد پیش کیے گئے تھے، اسی طرح محاورات پر بھی ایک مستقل رسالہ مرتب کیا، علاوہ ازیں فنِ طب میں بھی چند مفید رسائل تحریر کیے لیکن افسوس کہ ان کی اکثر تصانیف اشاعت سے محروم رہیں۔