احمد خاں کاوشؔ کا تعارف
محمد احمد خاں کاوش بن شاہ محمد خاں بن محمد شیر خاں بن محمد نذیر خاں بن احمد علی خاں محلہ بیریان، رامپور میں پیدا ہوئے، آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے محلے کے قریب واقع اسکول، باغیچہ ذوقی رام میں حاصل کی، بعد ازاں کچھ عرصہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بھی زیرِ تعلیم رہے اور پھر رضا پوسٹ گریجویٹ کالج رامپور میں داخلہ لیا، تاہم خاندانی جائیداد کے انتظام و انصرام کے باعث اپنی تعلیم مکمل نہ کرسکے، آپ کے والد ریاستِ رامپور کی فوج سے وابستہ تھے اور شعر و سخن سے گہری دلچسپی رکھتے تھے، یہی ادبی ذوق محمد احمد خاں کاوش کو بطورِ ورثہ منتقل ہوا، جس نے آگے چل کر ان کی تخلیقی شخصیت کو جلا بخشی، انہوں نے اپنے کلام کی اصلاح معروف شاعر شاد عارفی سے لی، جس کے نتیجے میں ان کی شاعری میں فنی پختگی اور فکری بالیدگی پیدا ہوئی، کاوش ایک عمدہ اردو شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ فارسی میں بھی شعر کہتے تھے اور دونوں زبانوں میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا کامیاب اظہار کرتے تھے۔