اشفاق حسین مجیبی کا تعارف
تخلص : 'خرام'
اصلی نام : اشفاق حسین
پیدائش : 25 Mar 1925 | امیٹھی, اتر پردیش
رشتہ داروں : شاہ طالب حسین مجیب (مرشد)
اشفاق حسین مجیبی خرام درگاہ حسینیہ مجیبیہ، فرخ آباد کے سجادہ نشیں اور اپنے عہد کے ممتاز نعت گو، غزل سرا اور صوفی شاعر تھے، ان کی شخصیت علم، ادب، روحانیت اور خانقاہی روایات کا حسین امتزاج تھی، آپ 30 مارچ 1925ء کو قصبہ امیٹھی، لکھنؤ میں ایک ایسے علمی و روحانی خانوادے میں پیدا ہوئے جس کی شناخت دینی خدمات، تصوف اور شعر و ادب سے وابستگی کے باعث نہایت ممتاز تھی، آپ کے والد شاہ شرافت علی ضیا اپنے عہد کے معروف عالم، صاحبِ ذوق شاعر اور روحانی پیشوا تھے، چنانچہ اشفاق حسین خرام کی ابتدائی تعلیم و تربیت گھر ہی کے علمی ماحول میں ہوئی، جہاں انہوں نے بزرگوں کی نگرانی میں اردو اور فارسی کی تعلیم حاصل کی، یہی ماحول ان کے ذوقِ شعر، علمی بصیرت اور روحانی رجحان کی آبیاری کا سرچشمہ ثابت ہوا، شاعری کی باقاعدہ تربیت انہیں اپنے والد شاہ شرافت علی ضیا سے حاصل ہوئی جن کی اصلاح نے ان کے شعری ذوق کو جلا بخشی اور فنی پختگی عطا کی، دوسری جانب روحانی فیض انہیں اپنے پیر و مرشد شاہ طالب حسین مجیبی فرخ آبادی سے حاصل ہوا، جن کی تربیت نے ان کی شخصیت میں تصوف، اخلاق، عشقِ رسول اور روحانی وارفتگی کو مزید گہرائی عطا کی، یہی روحانی وابستگی ان کے کلام کا بنیادی وصف بن گئی، خرام نے اردو شاعری کی متعدد اصناف میں طبع آزمائی کی، تاہم نعت، غزل اور منقبت ان کی تخلیقی صلاحیتوں کا نمایاں میدان رہیں۔