Font by Mehr Nastaliq Web
noImage

فائز پھلواروی

1842 - 1905 | پھلواری شریف, بھارت

پھلواری شریف کے ممتاز صوفی شاعر، عالم، طبیب اور ماہرِ منطق تھے جنہوں نے علم، ادب اور تصوف میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔

پھلواری شریف کے ممتاز صوفی شاعر، عالم، طبیب اور ماہرِ منطق تھے جنہوں نے علم، ادب اور تصوف میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔

فائز پھلواروی کا تعارف

تخلص : 'فائز'

اصلی نام : نذیرالحق

پیدائش :پھلواری شریف, بہار

وفات : پھلواری شریف, بہار, بھارت

مولانا شاہ نذیرالحق فائز برصغیر کے ان جلیل القدر علما، صوفیہ، ادبا اور اہلِ علم میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے علم و فضل، تصوف، طب اور ادب کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں، آپ کے والد کا نام حضرت شاہ سفیرالحق تھا جبکہ جدِ امجد حضرت شاہ ظہورالحق اپنے عہد کے ممتاز بزرگ اور صاحبِ فضل شخصیت تھے، آپ کا سلسلۂ نسب پدری جانب سے حضرت عبداللہ بن جعفر طیار تک پہنچتا ہے جبکہ والدہ کی طرف سے آپ کا تعلق حسنی و حسینی سادات کے معزز خانوادے سے تھا، آپ کی ولادت 24 صفر 1259ھ شبِ یکشنبہ، پھلواری شریف میں ہوئی، ابتدائی تعلیم و تربیت اپنے والدِ گرامی شاہ سفیرالحق کی آغوشِ شفقت میں حاصل کی، بعد ازاں متوسطات کی تعلیم اپنے نانا مولانا قاضی مخدوم عالم پھلواروی اور اپنے حقیقی چچا شاہ علی امیرالحق سے حاصل کی، علمی و روحانی فیض کے ساتھ ساتھ آپ نے سلوک و معرفت کی منازل بھی طے کیں، آپ کو حافظ عبدالغنی محدث پھلواروی سے بیعت و اجازت حاصل تھی، نیز اپنے عمِ مکرم شاہ علی امیرالحق سے متعدد سلاسلِ تصوف میں اجازت و خلافت سے بھی سرفراز ہوئے، شاعری کا ذوق آپ کو فطری طور پر ودیعت ہوا تھا، ابتدا میں اپنا کلام اپنے نانا مولانا قاضی مخدوم عالم کی خدمت میں پیش کرتے جن کی اصلاح و رہنمائی نے آپ کی شاعرانہ صلاحیتوں کو جلا بخشی، فارسی زبان و ادب پر آپ کو غیر معمولی عبور حاصل تھا، یہاں تک کہ ہزاروں فارسی محاورات آپ کی نوکِ زبان پر رہتے تھے، آپ کا ایک مستقل دیوانِ فارسی بھی موجود ہے جو آپ کے بلند پایۂ ذوقِ سخن اور ادبی عظمت کا شاہد ہے، علومِ عقلیہ و نقلیہ میں بھی آپ کو یدِ طولیٰ حاصل تھا، منطق، فلسفہ، فقہ، اصولِ فقہ، مناظرہ، تفسیر، فنِ رمل اور ہومیوپیتھی میں آپ کی مہارت مسلم تھی، تصنیف و تالیف کے میدان میں بھی آپ نے یادگار علمی سرمایہ چھوڑا جن میں خزائنِ منطق (رسالۂ کبریٰ)، مواہب الشفا (طب)، اعجاز الرمل (فنِ رمل)، رسالۂ حمیات اور دیگر متعدد علمی و تحقیقی تصانیف شامل ہیں، آپ نے 13 محرم 1323ھ، بوقتِ نمازِ عصر، پھلواری شریف میں داعیِ اجل کو لبیک کہا، آپ کا مزار پھلواری شریف میں لال میاں کی درگاہ کے احاطے میں اور شاہ غلام نقشبند سجاد کے مزارِ مبارک کے قریب واقع ہے۔

موضوعات

Recitation

بولیے