فہیم گورکھپوری کا تعارف
مرزا عبدالمجید بیگ جن کا تخلص فہیم تھا، ادبی دنیا میں مرزا فہیم گورکھپوری کے نام سے معروف تھے، ان کے آباو اجداد سپاہی پیشہ تھے اور اصل وطن دہلی تھا لیکن دہلی کے زوال و انحطاط کے دور میں ان کا خاندان لکھنؤ منتقل ہو کر وہیں آباد ہوگیا، مرزا فہیم 1878ء میں گورکھپور کے محلۂ ترکمان میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم انہوں نے گورکھپور ہی میں حاصل کی، شعر و ادب سے انہیں کم عمری ہی سے شغف تھا، چنانچہ 1890ء میں جب ان کی عمر صرف بارہ برس تھی، انہوں نے شعر گوئی کا آغاز کر دیا، ابتدا میں وہ جلال لکھنوی، تلمیذِ میر ذاکر حسین یاسؔ لکھنوی کے حلقۂ تلمذ میں داخل ہوئے، یاس لکھنوی کے انتقال کے بعد انہوں نے شمشاد لکھنوی سے اصلاحِ سخن لی، اس طرح ان کا سلسلۂ تلمذ امام بخش ناسخ تک پہنچتا ہے، مرزا فہیم بنیادی طور پر غزل کے شاعر تھے، تاہم ان کے چند قطعات اور رباعیات بھی دستیاب ہیں، ان کی شاعری میں کلاسیکی رنگ، زبان کی شستگی اور فکر کی لطافت نمایاں نظر آتی ہے، یکم نومبر 1945ء کو یہ ممتاز شاعر وفات پا گیا۔