فائق بدایونی کا تعارف
مصطفیٰ بخش ولد شکور بخش، خاندانِ بخوش سے تعلق رکھتے تھے، آپ کی ولادت تقریباً 1905ء میں ہوئی، ابتدائی تعلیم کے طور پر عربی و فارسی کی مروجہ درسیات حاصل کیں، جس کے بعد آبائی جائیداد کی نگرانی میں مشغول ہو گئے، کم عمری ہی میں آپ کو شاعری کا شوق پیدا ہوگیا تھا، آپ کے چچا، ستار بخش بدایونی، شہر کے ممتاز سخنوروں میں شمار ہوتے تھے، جس کا اثر آپ کی ادبی تربیت پر بھی نمایاں طور پر پڑا، آپ نے بالخصوص نعت گوئی کو اظہار کا ذریعہ بنایا اور اس فن میں خاص مہارت حاصل کی، اس سلسلے میں آپ قمر بدایونی، تولا بدایونی اور احسن مارہروی سے اصلاح و مشورہ لیتے رہے، آپ کا کلام اس قدر مقبول ہوا کہ بدایوں کے اکثر نعت خواں اسے اپنے کلام میں شامل کرنے لگے، اگرچہ آپ کے مجموعۂ کلام کی باقاعدہ ترتیب و اشاعت کا کوئی سراغ نہیں ملتا، تاہم نعت خواں حضرات کی بیاضوں میں آپ کی نعتیں محفوظ ہیں، تقسیمِ ہند کے بعد آپ ڈھاکہ منتقل ہو گئے، جہاں ملازمت اختیار کی اور وہیں 1958ء میں آپ کا انتقال ہوا۔