حامی بریلوی کا تعارف
حامی بریلوی پنڈت دیبی پرشاد صادق بریلوی کے فرزند تھے، ان کی پیدائش تقریباً 1896ء میں ہوئی، انہوں نے ابتدائی اور درسی تعلیم حامد علی بریلوی سے حاصل کی اور انٹرنس تک انگریزی زبان و ادب کی باقاعدہ تعلیم پائی، اگرچہ ان کی رسمی تعلیم کا سلسلہ انٹرنس کے مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکا لیکن علمی و ادبی تشنگی نے انہیں کبھی آسودہ نہ ہونے دیا، انہوں نے اپنے والد کے ذاتی کتب خانے سے بھرپور استفادہ کیا، عملی زندگی میں انہوں نے ممبئی کا رخ کیا، جہاں وہ راجا بینی لال، فرزندِ راجا شیو لال کے پرائیویٹ سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے، ملازمت کے تقاضوں اور عملی زندگی کی مصروفیات کے باوجود ان کی علمی و ادبی سرگرمیاں جاری رہیں اور ان کا ذوقِ مطالعہ ان کی شخصیت کا مستقل وصف بنا رہا، حامی بریلوی کی ادبی شخصیت کے بارے میں عبدالعزیز خاں بریلوی نے اپنی معروف تصنیف "تاریخِ روہیل کھنڈ مع تاریخِ بریلی" میں ان کا ذکر نہایت قدر و منزلت کے ساتھ کیا ہے، ان کے مطابق حامی بریلوی صاحبِ دیوان شاعر تھے اور نظم و نثر دونوں میں پختہ کار تھے، ان کا نعتیہ کلام ان کے قلبی اخلاص، روحانی وابستگی اور پاکیزہ جذبات کا آئینہ دار تھا۔