اسحٰق حسین فریدی کا تعارف
شاہ محمد اسحٰق فریدی اپنے عہد کی ایک علمی، روحانی اور ادبی شخصیت تھے، آپ حضرت شاہ معین الدین بن شاہ بدیع الدین چھتواروی کے فرزند تھے اور ویشالی کے موضع چھتوارہ مہوا میں پیدا ہوئے، آپ کا خانوادہ علم، تصوف اور دینی خدمات کے اعتبار سے ایک ممتاز حیثیت رکھتا تھا، آپ کا سلسلۂ نسب ایک جانب شیخ فریدالدین گنج شکر تک پہنچتا ہے اور دوسری جانب حضرت عمر فاروق سے جا ملتا ہے، اسی نسبت سے آپ فریدی اور فاروقی کہلاتے تھے، آپ کی تعلیم و تربیت اپنے والد ماجد کی نگرانی میں ہوئی، عربی اور فارسی زبانوں پر آپ کو کامل دسترس حاصل تھی اور دینی علوم میں بھی گہری بصیرت رکھتے تھے، علمی وجاہت کے ساتھ ساتھ آپ کی طبیعت میں روحانیت، محبتِ اہلِ بیت اور صوفیانہ وارفتگی نمایاں تھی، اہلِ بیتِ اطہار سے آپ کی عقیدت محض ایک جذباتی وابستگی نہیں بلکہ قلبی و روحانی تعلق کی صورت رکھتی تھی، اسحٰق فریدی کو شعر و ادب سے بھی گہرا شغف تھا، جب طبیعت شعر گوئی کی طرف مائل ہوتی تو مرثیہ، نوحہ اور سلام جیسی اصنافِ سخن میں طبع آزمائی فرماتے، ان کے کلام میں محبتِ اہلِ بیت، واقعاتِ کربلا کا سوز و گداز اور عقیدت و احترام کے جذبات نہایت مؤثر انداز میں جلوہ گر ہوتے تھے، اگرچہ ان کا شعری سرمایہ مکمل طور پر مدون صورت میں دستیاب نہیں، تاہم ان کے کلام کا ایک حصہ شاہ شفیع الدین کی بیاض میں محفوظ ہے جو ان کے ادبی ذوق اور شعری صلاحیت کا معتبر ثبوت ہے۔