اسمٰعیل میرٹھی کا تعارف
تخلص : 'اسمٰعیل'
اصلی نام : محمد اسمٰعیل
پیدائش : 12 Nov 1844 | میرٹھ, اتر پردیش
وفات : 01 Nov 1917 | اتر پردیش, بھارت
رشتہ داروں : مرزا غالب (مرشد)
اسمٰعیل میرٹھی اردو ادب کے ممتاز شاعر، ماہرِ تعلیم اور مصلح تھے جنہوں نے شاعری کو بچوں کی اخلاقی، فکری اور تعلیمی تربیت کا مؤثر ذریعہ بنایا، آپ کی ولادت 12 نومبر 1844ء کو میرٹھ میں ایک علمی و دینی خانوادے میں ہوئی، جہاں ابتدائی تعلیم اپنے والد شیخ پیر بخش سے حاصل کی، 1857ء کے ہنگامہ خیز حالات نے آپ کے ذہن میں تعلیم اور قومی بیداری کی اہمیت کو اجاگر کیا، جس کے بعد آپ نے اپنی پوری زندگی درس و تدریس اور علمی خدمات کے لیے وقف کر دی، سادہ، شستہ اور مؤثر زبان آپ کی شاعری کا نمایاں وصف ہے، جس کی بدولت آپ کی نظمیں نسل در نسل بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول رہیں، "تعریف اس خدا کی جس نے جہاں بنایا" اور "ادب سے ہی انسان، انسان ہے" جیسے اشعار آج بھی اردو ادب کا یادگار سرمایہ ہیں، بچوں کی شاعری کے علاوہ آپ نے فارسی، جغرافیہ اور دیگر تعلیمی موضوعات پر بھی اہم کتابیں تصنیف کیں اور اردو زبان کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا، تعلیمِ نسواں کے فروغ کے لیے آپ نے 1909ء میں میرٹھ میں مدرسۃ البنات کی بنیاد رکھی جو بعد میں اسمٰعیلیہ ڈگری گرلز کالج کے نام سے معروف ہوا، آپ انجمنِ ترقیِ اردو اور دیگر علمی و ادبی اداروں سے بھی وابستہ رہے، یکم نومبر 1917ء کو آپ کا انتقال ہوا مگر ان کی علمی خدمات، اصلاحی فکر اور تعلیمی شاعری آج بھی اردو ادب کا ایک روشن اور زندہ باب سمجھی جاتی ہے۔