اصطفیٰ علی کاکوروی کا تعارف
اصطفیٰ علی کاکوروی یکم دسمبر ۱۹۰۱ء کو اودھ کے معروف علمی و ادبی قصبہ کاکور میں پیدا ہوئے، آپ کے والد منشی ارتضیٰ علی شرر تھے جو علم و ادب سے گہری وابستگی رکھتے تھے، کاکوری کی علمی فضا اور خانوادے کے ادبی ماحول نے ابتدا ہی سے آپ کے ذوقِ مطالعہ اور فکری تربیت پر گہرا اثر ڈالا، آپ نے ابتدائی تعلیم کے بعد تکیہ شریف کاظمیہ کے مدرسے میں اردو اور فارسی کی تعلیم حاصل کی، زمانے کے بدلتے ہوئے تقاضوں کو محسوس کرتے ہوئے آپ نے جدید علوم کی طرف بھی توجہ کی اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے لکھنؤ یونیورسٹی کا رخ کیا، وہاں سے بی اے اور دیگر اعلیٰ تعلیمی مراحل مکمل کیے، اپنی علمی صلاحیت اور قابلیت کے پیشِ نظر اسی ادارے سے وابستہ ہوئے اور ایک طویل عرصے تک درس و تدریس کی خدمات انجام دیتے رہے، بالآخر ۱۹۶۳ء میں ملازمت سے سبکدوش ہوئے، شاعری کا ذوق آپ کو فطری طور پر حاصل تھا، آپ اردو اور فارسی دونوں زبانوں میں شعر کہتے تھے، آپ کو قیس کاکوروی کے حلقۂ تلامذہ میں شامل ہونے کا شرف حاصل ہوا، جس سے آپ کے شعری ذوق کو مزید جلا ملی، آپ نے تقریباً ۷۳ برس کی عمر میں ۱۹۷۴ء میں وفات پائی۔